ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کے لیے تیس کھلاڑیوں کا اعلان

تصویر کے کاپی رائٹ Getty
Image caption کامران اکمل نے آخری بار ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں پاکستان کی نمائندگی گزشتہ سال جنوبی افریقہ کے خلاف سنچورین میں کی

پاکستان کرکٹ بورڈ نے آئی سی سی ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کے لیے تیس ممکنہ کھلاڑیوں کے ناموں کا اعلان کردیا ہے۔

آئی سی سی ورلڈ ٹی ٹوئنٹی مارچ میں بنگلہ دیش میں کھیلا جائے گا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ میں ہونے والی حالیہ تبدیلی کے سبب ممکنہ کھلاڑیوں کے ناموں کا اعلان چند روز کی تاخیر سے کیا گیا ہے۔ تاہم آئی سی سی کے قواعد وضوابط کے مطابق ممکنہ کھلاڑیوں کے ناموں کا اعلان کرنا لازمی نہیں ہے۔

اعلان کردہ تیس کھلاڑیوں میں سابق کپتان شعیب ملک اور وکٹ کیپر کامران اکمل بھی شامل ہیں۔

بتیس سالہ کامران اکمل نے آخری بار ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں پاکستان کی نمائندگی گزشتہ سال جنوبی افریقہ کے خلاف سنچورین میں کی تھی۔

وہ پچاس ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں پانچ نصف سنچریوں کی مدد سے آٹھ سو انچاس رنز بنانے کے علاوہ چوبیس کیچ اور تیس سٹمپ بھی کرچکے ہیں۔

تاہم غیرتسلی بخش کارکردگی کے سبب انہیں ٹیم سے باہر ہوناپڑا تھا جس کے بعد اب انہی کے بھائی عمراکمل ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی میں وکٹ کیپنگ کررہے ہیں۔

شعیب ملک نے گزشتہ سال جنوبی افریقہ کے خلاف دبئی میں آخری بار ٹی ٹوئنٹی کھیلا تھا جس کے بعد ان فٹ ہونے کے باوجود وہ جنوبی افریقہ جانے والی ٹیم میں شامل کرلیے گئے تھے تاہم انہیں اور عبدالرزاق کو وطن واپس بلالیا گیا تھا۔

آئی سی سی ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کے تیس ممکنہ کھلاڑی یہ ہیں۔ محمد حفیظ، احمد شہزاد، شرجیل خان، شاہ زیب حسن، ناصر جمشید، خرم منظور، شعیب ملک، صہیب مقصود، عمراکمل، حارث سہیل، یاسرعرفات، یاسرشاہ، حماد اعظم، کامران اکمل، شاہد آفریدی، زوہیب احمد، سہیل تنویر، محمد عرفان ، عمرگل، جنید خان، بلاول بھٹی، انور علی، اسد علی، احسان عادل، محمد طلحہ، سعید اجمل، ذوالفقار بابر، رضاحسن، عبدالرحمٰن اور سرفراز احمد۔

اسی بارے میں