’سٹیڈیم جلد بنائیں ورنہ میچ نہیں ہونے دیں گے‘

تصویر کے کاپی رائٹ AFP
Image caption فیفا کے جنرل سیکریٹری نے ارینا سٹیڈیم کا دورہ کرنے کے بعد اس صورتِ حال کو ’بہت پیچیدہ‘ قرار دیا

فٹبال کی عالمی تنظیم فیفا نے کہا ہے کہ اگر برازیل کے جنوبی شہر کیورٹیبا میں جاری تعمیراتی کام تیز نہ کیا گیا تو اسے عالمی کپ کے میچ منعقد کرنے والے شہروں کی فہرست سے خارج کیا جا سکتا ہے۔

فیفا کے جنرل سیکریٹری نے کہا ہے کہ برازیل میں ارینا سٹیڈیم میں جاری کام شیڈیول سے بہت زیادہ پیچھے ہے۔

انھوں نے کہا کہ برازیل کے جنوبی شہر کیورٹیبا میں عالمی کپ کے میچ منعقد کروانے کے بارے میں فیصلہ 18 فروری کو کیا جائے گا۔

فیفا کے جنرل سیکریٹری نے ارینا سٹیڈیم کا دورہ کرنے کے بعد اس صورتِ حال کو ’بہت پیچیدہ‘ قرار دیا۔

انھوں نے کہا: ’ہمیں ارینا سٹیڈیم کی موجودہ صورتِ حال پسند نہیں آئی، وہاں پر جاری تعمیراتی کام نہ صرف لیٹ بلکہ شیڈیول سے بہت پیچھے ہے۔‘

برازیل کے حکام کے مطابق ارینا سٹیڈیم میں 90 فیصد کام مکمل ہے، تاہم فیفا کا کہنا ہے کہ کیورٹیبا کو عالمی کپ کے میچ منعقد کروانے کے بارے میں حتمی فیصلہ 18 فروری کو اس کا دوبارہ دورہ کرنے کے بعد کیا جائے گا۔

خیال رہے کہ برازیل میں فٹبال کے عالمی کپ کو شروع ہونے میں پانچ ماہ سے کم وقت رہ گیا ہے اور اس کے 12 میں سے تعمیراتی کام نامکمل ہیں۔

برازیل کے جنوبی شہر کیورٹیبا کے ارینا سٹیڈیم میں عالمی کپ کے چار میچ کھیلے جانے ہیں جن میں سپین، آسٹریلیا، ایکواڈور، ایران، نائیجریا، الجیریا اور روس کی ٹیموں کے درمیان میچ شامل ہیں۔

یاد رہے کہ برازیل میں سنہ 2014 کے فٹ بال کے عالمی کپ کے مقابلے 12 جون سے 13 جولائی 2014 کے درمیان منعقد کیے جائیں گے۔

برازیل فٹبال کے عالمی مقابلوں کی دوسری بار میزبانی کرے گا۔ اس سے پہلے 1950 میں برازیل میں فٹبال کا عالمی کپ منعقد ہو چکا ہے۔

2016 کے اولمپکس مقابلے بھی برازیل کے شہر ریو ڈی جنیئرو میں منعقد ہوں گے جس کے لیے تیاریاں جاری ہیں۔

اسی بارے میں