آسٹریلین اوپن: مرے کو شکست دے کر فیڈرر سیمی فائنل میں

تصویر کے کاپی رائٹ Getty
Image caption راجر فیڈرر کے پاس 18واں گرینڈ سلیم ٹورنامنٹ جیتنے کا موقع ہے

آسٹریلین اوپن کے کوارٹر فائنل میں سوئٹزرلینڈ کے راجر فیڈرر نے برطانیہ کے اینڈی مرے کو شکست دے دی ہے۔

راجر فیڈرر چار بارآسٹریلین اوپن چیمپئن رہ چکے ہیں اور انھوں نے مرے کو 6-3، 6-4، 6-7 اور 6-3 سے شکست دی۔

دونوں کھلاڑیوں کے درمیان کوارٹر فائنل تین گھنٹے اور 20 منٹ تک جاری رہا۔

فائنل میں راجر فیڈرر کا مقابلہ رافیئل ندال سے ہو گا۔

راجر فیڈرر بغیر کسی غلطی کے تین سیٹ سے جیتنے کے قریب تھے لیکن ٹائی بریک میں دو میچ پوائنٹ کھو دیے۔

اینڈی مرے نے سرجری کے بعد اپنے دوسری ٹورنامنٹ میں رہنے کے لیے خوب مقابلہ کیا اور چوتھے سیٹ میں 19 منٹ تک چھ بریک پوائنٹس بچائے۔

لیکن راجر فیڈرر نے تسلسل سے عمدہ کھیل کا مظاہرہ کیا اور جیت گئے۔اینڈی مرے کے مطابق: ’میچ میں اس طرح سے مقابلہ کرنے پر مجھے فخر ہے۔

’میں اپنے طریقۂ کار میں تھوڑی تبدیلی کرتے ہوئے زیادہ جارحانہ کھیلا، اور اسی وجہ سے ہو سکتا ہے کہ اختتام کے قریب مجھے نقصان ہوا کیونکہ میں نے خود کو میچ میں واپس لانے کے لیے اپنی شارٹس کھیلنا شروع کر دیں۔‘

راجر فیڈرر مسلسل 11 ویں بار آسٹریلین اوپن کے سیمی فائنل میں پہنچے ہیں۔

فیڈرر کے بقول: ’مرے نے اچھے کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے مجھ پر دباؤ ڈالا۔ میں یہ میچ جیت کر خوش ہوں۔‘

’شاید میں نے بریک پوائنٹس کھو دیے لیکن میں دلجمعی سے کھیلتا رہا اور جذبات پر قابو رکھا اور آج اس نے کام کر دکھایا۔‘

اس سے پہلے برطانیہ کے اینڈی مرے نے فرانس کے سٹیفن رابرٹ کو جبکہ راجر فیڈرر نے فرانس کے جوولفریڈ تسونگا کو شکست دے کر کوارٹر فائنل میں پہنچے تھے۔

17 مرتبہ ٹینس کے گرینڈ سلیم مقابلوں کے فاتح راجر فیڈرر کے پاس موقع ہے کہ وہ 18واں گرینڈ سلیم ٹورنامنٹ جیت کر نئی تاریخ رقم کریں۔

اسی بارے میں