پاکستان کرکٹ ٹیم کے کوچ کی تلاش شروع

تصویر کے کاپی رائٹ AFP
Image caption نئے کوچ کی تلاش ڈیو واٹمور کے جانے کے بعد شروع کی ہے جن کا دو سالہ معاہدہ شارجہ ٹیسٹ میچ کے ساتھ ہی اختتام کو پہنچ گیا تھا

پاکستان کرکٹ بورڈ نے پاکستانی کرکٹ ٹیم کے نئے کوچ کے لیے درخواستیں طلب کر لی ہیں۔اس کے علاوہ فیلڈنگ اور بیٹنگ کوچ کے لیے بھی درخواستیں مانگی گئی ہیں۔

اس ضمن میں پاکستان کرکٹ بورڈ کی ویب سائٹ پر اشتہار جاری کر دیا گیا ہے اور تمام امیدواروں سے کہا گیا ہے کہ وہ چھ فروری تک درخواستیں بھیج دیں۔

پاکستان کرکٹ بورڈ نے نئے کوچ کی تلاش ڈیو واٹمور کے جانے کے بعد شروع کی ہے جن کا دو سالہ معاہدہ شارجہ ٹیسٹ میچ کے ساتھ ہی اختتام کو پہنچا اور اس کی تجدید نہیں کی گئی۔ اسی طرح فیلڈنگ کوچ جولین فاؤنٹین کا معاہدہ بھی ختم ہو گیا ہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ نے نئے کوچ کی تقرری کے لیے چار رکنی کمیٹی تشکیل دے دی ہے جس میں تین سابق کپتان انتخاب عالم، جاوید میانداد اور وسیم اکرم کے علاوہ پی سی بی کے چیف آپریٹنگ افسر سبحان احمد شامل ہیں۔

انتخاب عالم اس کمیٹی کے سربراہ تھے جس نے ڈیو واٹمور کی تقرری کی سفارش کی تھی۔

وسیم اکرم کا کہنا ہے کہ نیا کوچ وہ ہو جو انٹرنیشنل کرکٹ کی مصروفیات میں سے ملنے والے وقت میں جونیئر کرکٹرز کی کوچنگ بھی کرسکے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ پہلے ہی یہ کہہ چکا ہے کہ نیا کوچ پاکستانی ہوگا۔ پاکستان کے موجودہ حالات کے پیش نظر کسی غیرملکی کوچ کی جانب سے درخواست بھیجنے کے امکانات نہ ہونے کے برابر ہیں۔

یہ پہلا موقع ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے بیٹنگ کوچ کے لیے بھی درخواستیں طلب کی ہیں ۔ماضی میں بورڈ وقتی طور پر بیٹنگ کنسلٹنٹ کی خدمات حاصل کرتا رہا ہے۔

اسی بارے میں