ورلڈ کپ چاہیے: عمران خان پھر کرکٹ کے میدان میں

تصویر کے کاپی رائٹ Getty
Image caption فاٹا میں ایک کرکٹ اکیڈمی قائم کریں گے کیونکہ فاٹا میں بہت ٹیلنٹ چھپا ہوا ہے

پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے سنیچر کو پشاور میں خیبر پختونخوا ٹیلنٹ ہنٹ سکیم کا اعلان کیا ہے جس کے تحت وہ خیبر پختونخوا اور قبائلی علاقوں سے باصلاحیت کھلاڑیوں کو سامنے لائیں گے۔

عمران خان نے بتایا کہ یہ سکیم صرف پختونخوا میں نہیں بلکہ فاٹا میں بھی ہوگی جس کی اجازت گورنر خیبر پختونخوا نے دے دی ہے۔

عمران خان نے اس موقعے پر ارباب نیاز کرکٹ سٹیڈیم میں جمع افراد سے خطاب کرتے ہوئے کہا: ’ہم اس ٹیلنٹ ہنٹ سکیم کے نتیجے میں پاکستان کرکٹ ٹیم میں ایسے ایسے باصلاحیت کھلاڑی خیبر پختونخوا سے لے کر آئیں گے کہ پھر سے پاکستان کرکٹ ٹیم پاکستان کو ورلڈ کپ جتوا کر دکھائے گی۔‘

عمران خان نے حاضرین کو بتایا کہ آج سے چالیس سال قبل وہ جب سولہ برس کے تھے تو وہ لاہور میں اسی طرح کی ایک سکیم کے ذریعے لاہور کی انڈر 19 ٹیم کے لیے منتخب ہوئے تھے۔

عمران خان نے کہا کہ آج سے 20 سال پہلے انہوں نے ایک ٹیلنٹ ہنٹ سکیم شروع کی تھی جس کے نتیجے میں پاکستان کے بڑے بڑے کرکٹر سامنے آئے جن میں شاہد آفریدی بھی تھے۔

عمران خان نے کہا کہ گورنر نے فاٹا میں ایک کرکٹ اکیڈمی قائم کرنے کی اجازت دی ہے جس کی انہیں خوشی ہے کیونکہ فاٹا میں بہت ٹیلنٹ چھپا ہوا ہے۔

تحریک انصاف کے سربراہ نے کہا کہ اصل ٹیلنٹ مقابلے کے نتیجے میں سامنے آئے گا جس میں آٹھ ٹیمیں بنیں گی جو ڈویژنل سطح پر آپس میں کھیلیں گی۔ ان آٹھ ٹیموں کے انتخاب کرنے کے لیے بہترین سلیکٹرز ہوں گے جن کے لیے کسی سفارش کی ضرورت نہیں ہو گی۔

عمران خان نے کہا کہ وہ بہترین کھلاڑیوں سے خود ملیں گے اور خود ان کا جائزہ لیں گے کیونکہ انہیں ٹیلنٹ کی پہچان ہے۔

انہوں نے سلیکٹرز سے کہا: ’اگر ہم میرٹ پر یہ آٹھ ٹیمیں منتخب کر لیں تو میں دعویٰ کرتا ہوں کہ ان آٹھ ٹیموں میں سے وہ ٹیلنٹ نکلےگا جو پاکستان کو ورلڈ کپ جتوائے گا۔‘

انہوں نے کہا کہ وہ خیبرپختونخوا کی حکومت سے توقع رکھتے ہیں کہ اس سال تحصیل کی سطح پر ایک کھلیوں کا گراؤنڈ بنایا جائے گی اور اگلے سال ہم ہر یونین کونسل کے اندر ایک گراؤنڈ بنائیں گے جن میں کرکٹ، ہاکی اور اتھلیٹکس سمیت کئی کھیل کھیلے جا سکیں گے۔

عمران خان نے کہا کہ جتنا بھی ٹیلنٹ ہو اگر گراؤنڈ نہیں ہو گا ٹیلنٹ سامنے نہیں آئے گا۔