بھارت میچ اور سیریز دونوں ہار گيا

تصویر کے کاپی رائٹ AFP
Image caption راس ٹیلر اور کپتان برینڈن میک کلم نے جیت میں اہم کردار ادا کیا

نیوزی لینڈ کے شہر ہیملٹن میں کھیلے جانے والے چوتھے میچ میں بھارت کو سات وکٹ سے شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ اس کے ساتھ وہ سیریز بھی ہار گيا۔

اس سے قبل بھارت کو پہلے اور دوسرے میچ میں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا جبکہ تیسرا میچ سنسنی خیز مقابلے کے بعد برابر رہا تھا۔

پانچ میچوں کی اس سیریز میں نیوزی لینڈ کو تین صفر کی ناقابل تسخیر برتری حاصل ہو گئی ہے۔

میچ کا سکور کارڈ

بھارت نے ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کرنے کا فیصلہ کیا اور مقررہ 50 اورز میں پانچ وکٹ کے نقصان پر 278 رنز بنائے۔

نیوزی لینڈ نے راس ٹیلر کی سنچری کی بدولت اس ہدف کو 11 گیندیں قبل تین وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔

راس ٹیلر نے 15 چوکوں کی مدد سے 112 رنز بنائے اور آخر تک آؤٹ نہیں ہو‏‏‏ئے۔ انھیں مین آف دا میچ قرار دیا گیا۔

نیوزی لینڈ کی جانب سے کپتان برینڈن میک کلم نے چھکا مار کر جیت حاصل کی۔ انھوں نے تین چھکے اور چار چوکے کی مدد سے جارحانہ 49 رنز بنائے۔ بھارت کی جانب سے محمد شامی اور ورون آرن کو ایک ایک وکٹ ملے۔

تصویر کے کاپی رائٹ Getty
Image caption ٹیم انڈیا اس سیریز میں دوسرا میچ ہار کر نمبر ون کی پوزیشن بھی کھو چکی ہے

اس سے قبل بھارت کی شروعات اچھی نہیں رہی اور اوپنروں کی مسلسل ناکامی کے نتیجے میں زبردست فارم والے کھلاڑی ویراٹ کوہلی کو اوپنر اتارا گیا لیکن وہ بھی ناکام ہو گئے اور صرف دو رنز بناکر ساؤدی کے شکار بنے۔

اس کے بعد آنے والے بلے باز ریہانے بھی تین رنز بناکر آؤٹ ہو گئے۔ تاہم امبتی رائڈو نے اوپنر روہت شرما کے ساتھ سنبھل کر کھیلنا شروع کیا۔ رایڈو نے 37 جبکہ شرما نے 79 رنز بنائے۔

اس کے بعد کپتان دھونی اور گذشتہ میچ کے مین آف دا میچ رویندر جڈیجا نے جارحانہ بلے بازی کی اور بالترتیب 79 اور 62 رنز بنائے اور آخر تک آؤٹ نہیں ہوئے۔

نیوزی لینڈ کی جانب سے ساؤدی نے دو، جبکہ کائے ملز، بینیٹ اور ولیم سن نے ایک ایک وکٹ لیے۔

پانچواں اور آخری ون ڈے ویلنگٹن میں 31 جنوری کو کھیلا جائے گا۔

ٹیم انڈیا اس سیریز میں دوسرا میچ ہار کر نمبر ون کی پوزیشن بھی کھو چکی ہے۔

اسی بارے میں