پہلے ٹی ٹوئنٹی میں آسٹریلیا فاتح

تصویر کے کاپی رائٹ Getty
Image caption آسٹریلیا کے کیمرون وائٹ کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا

ہوبارٹ میں کھیلے جانے والے پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ میں آسٹریلیا نے انگلینڈ کو 13 رنز سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل کر لی۔

انگلینڈ کی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 214 رنز کے ہدف کے تعاقب میں نو وکٹوں کے نقصان پر 200 رنز بنا سکی۔

انگلینڈ کی جانب سے ایلیکس ہیلز اور مائیکل لمب نے اننگز کا آغاز کیا۔ تاہم اسے ابتدا ہی میں نقصان اٹھانا پڑا۔

میچ کا تفصیلی سکور کارڈ

ایک موقعے پر صرف 51 رنز کے مجموعی سکور پر اس کے چار کھلاڑی پویلین لوٹ گئے تھے۔ تاہم اس کے بعد انگلینڈ کی جانب سے روی بوپارا نے دو چوکوں اور سات چھکوں کی مدد سے 65 جب کہ جو روٹ نے تین چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 32 رنز بنا کر اننگز کو سنبھالنے کی کوشش کی۔

انگلینڈ کے چار بلے باز دوہرے ہندسے تک پہنچنے میں ناکام رہے۔ آسٹریلیا کی جانب سے کولٹر نائل نے چار اور اینریک نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

اس سے پہلے آسٹریلیا نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں چار وکٹوں کے نقصان پر 213 رنز بنائے۔

آسٹریلیا کی جانب سے کیمرون وائٹ اور آرون فنچ نے اننگز کا آغاز کیا اور پہلی وکٹ کی شراکت میں 106 رنز بنا ڈالے۔

کیمرون وائٹ نے چھ چوکوں اور چار چھکوں کی مدد سے 75 جب کہ آرون فنچ نے پانچ چوکوں اور تین چھکوں کی مدد سے 52 رنز بنائے۔

انگلینڈ کی جانب سے سٹوارٹ براڈ، روی بوپارا اور لیوک رائٹ نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

آسٹریلیا کے کیمرون وائٹ کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

اسی بارے میں