بھارت کو پہلا ٹیسٹ جیتنے کے لیے 320 رنز درکار

تصویر کے کاپی رائٹ Reuters
Image caption بھارت کو یہ میچ جیتنے کے لیے مزید 320 رنز کی ضرورت ہے اور دوسری اننگز میں اس کی نو وکٹیں باقی ہیں

نیوزی لینڈ کے شہر آکلینڈ میں کھیلے جانے والے پہلے ٹیسٹ میچ کے تیسرے دن کے اختتام پر بھارت نے نیوزی لینڈ کے خلاف دوسری اننگز میں ایک وکٹ کے نقصان پر 87 رنز بنا لیے۔

بھارت کو یہ میچ جیتنے کے لیے مزید 320 رنز کی ضرورت ہے اور دوسری اننگز میں اس کی نو وکٹیں باقی ہیں۔

تیسرے دن کھیل کے اختتام پر شیکھر دھون اور چتیشور پجارا کریز پر موجود تھے اور دونوں نے بالترتیب 49 اور 22 رنز بنائے تھے۔

میچ کا تفصیلی سکور کارڈ

بھارت کی جانب سے روہت شرما اور اجنکیا ریہانے تیسرے دن کے کھیل کا آغاز کیا۔

دونوں بلے بازوں نے پانچویں وکٹ کی شراکت میں 77 رنز بنائے۔

بھارت کی پوری ٹیم پہلی اننگز میں 202 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی اور یوں نیوزی لینڈ کو بھارت پر 301 رنز کی برتری حاصل ہوئی۔

بھارت کی جانب سے روہت شرما نے آٹھ چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے سب سے زیادہ 72 رنز بنائے۔

نیوزی لینڈ کی جانب سے نِیل ویگنر نے چار جب کہ ٹرینٹ بولٹ اور ٹم ساؤدی نے تین تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

نیوزی لینڈ کی جانب سے پیٹر فلٹن اور ہمیش ردرفورڈ نے دوسری اننگز کا آغاز کیا۔

پہلی اننگز کی طرح نیوزی لینڈ کی دوسری اننگز کا آغاز بھی تباہ کن تھا۔

نیوزی لینڈ کے بلے باز بھارتی بولروں کی تباہ کن بولنگ کا سامنا نہ کر سکے اور اس کی وکٹیں وقفے وقفے سے گرتی رہیں۔

نیوزی کی پوری ٹیم دوسری اننگز میں صرف 105 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی۔

نیوزی لینڈ کی جانب سے دوسری اننگز میں راس ٹیلر نے سب سے زیادہ 47 رنز بنائے۔

نیوزی لینڈ کے سات بلے بازوں کا ہدف دوہرے ہندسے تک نہ پہنچ سکا۔

بھارت کی جانب سے دوسری اننگز میں محمد شامی اور ایشانت شرما نے تین تین جب کہ ظہیر خان نے دو اور جڈیجا نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

اس سے پہلے نیوزی کی ٹیم پہلی اننگز میں 503 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی تھی۔

جمعرات کو شروع ہونے والے اس ٹیسٹ میں بھارت نے ٹاس جیت کر نیوزی لینڈ کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی تھی۔

اسی بارے میں