ویلنگٹن ٹیسٹ کا پہلا دن بھارتی بولرز کے نام

تصویر کے کاپی رائٹ Reuters
Image caption ایشانت شرما نے چھ کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا

ویلنگٹن میں کھیلے جانے والے دوسرے کرکٹ ٹیسٹ کے پہلے دن کھیل کے اختتام پر بھارت نے پہلی اننگز میں دو وکٹوں پر 100 رنز بنا لیے ہیں اور اسے نیوزی لینڈ کی برتری کے خاتمے کے لیے مزید 92 رنز درکار ہیں۔

جب کھیل ختم ہوا تو اوپنر شیکھر دھون نصف سنچری مکمل کرنے کے بعد 71 رنز بنا کر کریز پر موجود تھے جبکہ ان کا ساتھ نائٹ واچ مین ایشانت شرما دے رہے ہیں۔

بھارت کے آؤٹ ہونے والے بلے بازوں میں مرلی وجے اور چیتیشور پجارا شامل ہیں۔

میچ کا تفصیلی سکور کارڈ

ویلنگٹن میں جمعے سے شروع ہونے والے میچ میں نیوزی لینڈ کی پوری ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 192 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔

بھارتی فاسٹ بولرز ایشانت شرما اور محمد شامی نے نیوزی لینڈ کے بلے بازوں کو کریز پر ٹکنے نہیں دیا۔

ایشانت شرما نے 51 رن دے کر چھ جبکہ محمد شامی نے 71 رن دے کر چار کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

نیوزی لینڈ کی طرف سے کین ولیمز نے سب سے زیادہ 47 رن بنائے جبکہ ان کے علاوہ جمی نيشم نے 33 اور ٹم ساؤدی نے 32 رنز کی اننگز کھیلی۔

بھارت کے کپتان مہندر سنگھ دھونی نے ٹاس جیت کر پہلے فيلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا جو کہ صحیح ثابت ہوا اور نیوزی لینڈ کی تین وکٹیں صرف 26 رنز پر گر گئیں۔

یہ تینوں وکٹیں ایشانت شرما نے حاصل کیں اور دوسرے اینڈ سے محمد شامی نے بھی نیوزی لینڈ کے بلے بازوں کو پریشان کیے رکھا۔

ایک وقت میں نیوزی لینڈ کے چھ کھلاڑی صرف 86 کے مجموعی سکور پر پویلین لوٹ چکے تھے۔

تاہم اس موقع پر کین ولیمز نے نیشم کے ساتھ مل کر ساتویں وکٹ کے لیے 47 رنز کی اہم شراکت قائم کی۔

ان دونوں کے آؤٹ ہونے کے بعد ٹم ساؤدی نے تین چھکوں کی مدد سے 32 رنز بنا کر میزبان ٹیم کو سکور 192 تک پہنچایا۔

دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں نیوزی لینڈ کو ایک صفر سے برتری حاصل ہے۔ نیوزی لینڈ نے آک لینڈ میں کھیلا جانے والا پہلا ٹیسٹ میچ 40 رنز سے جیتا تھا۔

اسی بارے میں