میک کلم کی ٹرپل سنچری، سیریز نیوزی لینڈ کے نام

تصویر کے کاپی رائٹ AP
Image caption میک کلم نے 32 چوکے اور چار چھکوں کی مدد سے 302 رنز بنائے، جو کسی بھی نیوزی لینڈر کی پہلی ٹرپل سنچری ہے

ویلنگٹن میں کھیلے جانے والے دوسرا ٹیسٹ ہار جیت کے فیصلے کے بغیر ختم ہو گیا ہے، جس کے نتیجے میں نیوزی لینڈ نے بھارت کے خلاف ٹیسٹ سیریز ایک صفر سے جیت لی ہے۔

میچ کے پانچویں دن بھارت نے نیوزی لینڈ کے خلاف دوسری اننگز میں تین وکٹوں کے نقصان پر 166 رنز بنائے ہیں۔ وراٹ کوہلی نے 105 رنز بنائے اور ناٹ آؤٹ رہے۔

میچ کا تفصیلی سکور کارڈ

اس سے پہلے نیوزی لینڈ نے آٹھ وکٹوں کے نقصان پر 680 رنز بنا کر دوسری اننگز ڈکلئیر کر کے بھارت کو جیتنے کے لیے 435 رنز کا ہدف دیا۔

ٹیسٹ میچ کے پانچویں دن کی خاص بات نیوزی لینڈ کے کپتان برینڈن میک کلم کی شاندار ٹرپل سنچری تھی۔ وہ یہ کارنامہ سر انجام دینے والے نیوزی لینڈ کے پہلے کھلاڑی ہیں۔

نیوزی لینڈ کی جانب سے برینڈن میک کلم اور جمی نیشم نے پانچویں دن کا آغاز کیا۔ دونوں بلے بازوں نے ساتویں وکٹ کے لیے 179 رنز کی شراکت قائم کی۔

میچ کے پانچویں دن بھارت کو پہلی کامیابی اس وقت ملی جب برینڈن میک کلم 302 رنز بنا کر ظہیر خان کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔

میک کلم کی اننگز میں 32 چوکے اور چار چھکے شامل تھے۔ انھوں نے بھارت کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ میں بھی ڈبل سنچری سکور کی تھی۔

میک کلم اور واٹلنگ نے میچ کے چوتھے دن چھٹی وکٹ کی شراکت میں 352 رنز بنائے جو ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ کا نیا ریکارڈ ہے۔

بھارت کی جانب سے دوسری اننگز میں ظہیر خان نے پانچ ، محمد شامی نے دو، جب کہ رویندر جڈیجا نے ایک کھلاڑی آؤٹ کیا۔

اس سے پہلے دوسرے ٹیسٹ میچ کے دوسرے دن بھارت کی پوری ٹیم پہلی اننگز میں 438 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی تھی۔

ویلنگٹن میں جمعے سے شروع ہونے والے میچ میں بھارت نے ٹاس جیت کر نیوزی لینڈ کو پہلے کھیلنے کی دعوت دی تھی اور نیوزی لینڈ کی پوری ٹیم پہلی اننگز میں صرف 192 رنز بنا سکی تھی۔

دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں نیوزی لینڈ کو ایک صفر سے برتری حاصل ہے۔ آک لینڈ میں کھیلے جانے والے پہلے ٹیسٹ میچ میں نیوزی لینڈ نے بھارت کو 40 رنز سے شکست دی تھی۔

اسی بارے میں