پورٹ الزبتھ میں جنوبی افریقہ کی پوزیشن مضبوط

تصویر کے کاپی رائٹ AFP
Image caption ہاشم آملہ پہلی اننگز میں ناکامی کا ازالہ کرنے کی کوشش میں کامیاب رہے ہیں

پورٹ الزبتھ میں کھیلے جانے والے دوسرے کرکٹ ٹیسٹ میچ میں جنوبی افریقہ نے تیسرے دن کے اختتام آسٹریلیا کے خلاف اپنی دوسری اننگز میں چار وکٹوں کے نقصام پر 192 رنز بنا لیے۔

اس طرح اسے آسٹریلیا پر 369 رنز کی مجموعی برتری حاصل ہو گئی ہے اور اس کی چھ وکٹیں باقی ہیں۔

میچ کا تفصیلی سکور کارڈ

سنیچر کو جب کھیل ختم ہوا تو اس وقت کریز پر کوئنٹن ڈی کاک اور ہاشم آملہ موجود تھے اور کھیل کے چوتھے دن آملہ کو سنچری مکمل کرنے کے لیے مزید سات رن درکار ہوں گے۔

دوسری اننگز میں جنوبی افریقہ کو 20 کے مجموعی سکور پر گریم سمتھ اور 42 کے سکور پر ایلگر کی وکٹ کھونی پڑی۔

اس کے بعد تیسری وکٹ کے لیے ڈوپلیسی اور آملہ کے درمیان 70 رنز کی شراکت ہوئی جس کا خاتمہ پیٹر سڈل نے ڈوپلیسی کو آؤٹ کر کے کیا۔

پہلی اننگز میں سنچری بنانے والے ابراہم ڈی ویلیئرز 29 رنز بنا سکے اور جانسن کی وکٹ بنے۔

اس سے قبل تیسرے دن آسٹریلوی ٹیم کھانے کے وقفے کے بعد پہلی اننگز میں 246 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی اور اس طرح جنوبی افریقہ کو آسٹریلیا پر پہلی اننگز میں 177 رنز کی برتری حاصل ہوئی تھی۔

تصویر کے کاپی رائٹ BBC World Service
Image caption فیلینڈر نے تین آسٹریلوی کھلاڑیوں کو پویلین بھیجا ہے

تیسرے دن آسٹریلیا نے چار وکٹوں کے نقصان پر 112 رنز کے سکور سے اننگز دوبارہ شروع کی تو سکور میں 16 رنز کے اضافے کے بعد اس کی مزید دو وکٹیں گر گئیں۔

آؤٹ ہونے والے بلے باز نصف سنچری بنانے والے ڈیوڈ وارنر اور نائٹ واچ مین نیتھن لیون تھے جو بالترتیب 70 اور 15 رنز بنا کر فیلنڈر اور مورکل کا شکار بنے۔

بریڈ ہیڈن بھی زیادہ دیر وکٹ پر نہ ٹھہر سکے اور 9 رنز بنا کر ڈیل سٹین کی گیند پر بولڈ ہوئے۔ جنوبی افریقہ کو آٹھویں کامیابی جے پی ڈومینی نے جانسن کو آؤٹ کر کے دلوائی۔

سٹیون سمتھ ایک رن کی کمی سے نصف سنچری مکمل نہ کر سکے اور مورکل کی دوسری وکٹ بنے۔ مورکل نے ہی ہیرس کو آؤٹ کر کے آسٹریلوی اننگز کا خاتمہ کیا۔

جنوبی افریقہ کی جانب سے مورکل اور فیلینڈر نے تین، تین جبکہ پارنل نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا ہے۔

جمعرات کو شروع ہونے والے دوسرے ٹیسٹ میں جنوبی افریقہ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا تھا اور ابراہم ڈی ویلیئرز اور ڈومینی کی شاندار سنچریوں کی بدولت 423 رنز بنائے تھے۔

تین ٹیسٹ میچوں پر مشتمل سیریز میں آسٹریلیا کو ایک صفر کی برتری حاصل ہے۔

سنچورین میں کھیلے جانے والے پہلے ٹیسٹ میں آسٹریلیا نے جنوبی افریقہ کو 281 رنز سے شکست دی تھی۔

اسی بارے میں