ون ڈے سیریز میں سری لنکا کا وائٹ واش

تصویر کے کاپی رائٹ AFP
Image caption اس میچ میں سری لنکا نے اپنے تجربہ کار کھلاڑیوں کو آرام دیا تھا

سری لنکا نے بنگلہ دیش کو تیسرے ایک روزہ کرکٹ میچ میں چھ وکٹوں سے شکست دے کر سیریز تین صفر سے جیت لی ہے۔

میرپور میں کھیلے جانے والے سیریز کے آخری میچ میں سری لنکا نے ٹاس جیت کر میزبان ٹیم کو پہلے کھیلنے کی دعوت دی تو بنگلہ دیش نے مقررہ پچاس اووز میں آٹھ وکٹوں کے نقصان پر 240 رنز بنائے۔

میچ کا تفصیلی سکور کارڈ

بنگلہ دیش کو اننگز کے آغاز میں ہی نقصان اٹھانا پڑا تاہم مومن الحق اور شمس الرحمان نے دوسری وکٹ کے لیے 45 رنز کی شراکت قائم کر کے ٹیم کو سہارا دیا۔

مومن نے 60 گیندوں پر آٹھ چوکوں کی مدد سے 60 رنز کی اننگز کھیلی۔ ان کے علاوہ دیگر بلے بازوں نے اچھا آغاز تو کیا لیکن بڑا سکور کرنے میں ناکام رہے۔

سری لنکا کی جانب سے پرساد تین اور لکمل دو وکٹوں کے ساتھ نمایاں رہے۔

جواب میں سری لنکا نے اوپنر کشال پریرا اور مڈل آرڈر بلے باز دنیش چندی مل کی عمدہ بلے بازی کی بدولت 241 رنز کا ہدف 48ویں اوور میں چار وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔

کشال نے چھ چوکوں اور پانچ چھکوں کی مدد سے سنچری بنائی جبکہ چندی مل 64 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

بنگلہ دیش کے لیے روبیل حسین اور محموداللہ نے دو، دو وکٹیں لیں۔

خیال رہے کہ اس میچ میں سری لنکا کی ٹیم میں اس کے تجربہ کار بلے باز کمارا سنگاکارا، تلکارتنے دلشان اور مہیلا جیاودرھنے شامل نہیں تھے۔

اس سیریز میں میرپور میں ہی کھیلا جانے والے پہلا میچ سری لنکا نے 13 رنز سے جبکہ ڈھاکہ میں کھیلا گیا دوسرا میچ 61 رنز سے جیتا تھا۔

اسی بارے میں