ایشیا کپ: بھارت نے بنگلہ دیش کو چھ وکٹ سے ہرا دیا

تصویر کے کاپی رائٹ AFP
Image caption کوہلی اور رہانے نے تیسری وکٹ کے لیے 213 رنز کی شراکت قائم کی

بھارت نے بنگلہ دیش کو ایشیا کپ کے ایک میچ میں چھ وکٹوں سے شکست دے دی ہے۔

بھارتی فتح میں اہم کردار کپتان وراٹ کوہلی اور اجنکیا رہانے کی بلے بازی نے ادا کیا۔

کوہلی نے اس میچ میں ایک روزہ کرکٹ میں اپنی 19 ویں سنچری بنائی تو رہانے نے نصف سنچری مکمل کی۔

اس ہدف کے تعاقب میں سست آغاز کے بعد بھارت کو 54 کے مجموعی سکور پر روہت شرما اور شیکھر دھون کی وکٹوں کی صورت میں دوہرا نقصان اٹھانا پڑا۔

تاہم اس موقع پر کوہلی اور رہانے نے ٹیم کو سہارا دیا اور پراعتماد انداز میں کھیلتے ہوئے ٹیم کو جیت کی راہ پر گامزن کر دیا۔

ان دونوں نے تیسری وکٹ کے لیے 213 رنز کی شراکت قائم کی۔ کوہلی 136 رنز جبکہ رہانے 73 رنز کی اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے۔

ڈھاکہ کے نواحی قصبے فتح اللہ کے خان صاحب عثمان علی سٹیڈیم میں میں کھیلے جانے والے میچ میں بھارت نے ٹاس جیت کر بنگلہ دیش کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی تھی۔

بنگلہ دیش نے مشفق الرحیم کی شاندار سنچری کی بدولت مقررہ پچاس اوورز میں سات وکٹوں کے نقصان پر 279 رنز بنائے۔

مشفق نے 117 رنز کی عمدہ اننگزکھیلی جس میں سات چوکے اور دو چھکے شامل تھے۔

ان کے علاوہ اوپنر انعام الحق نے بھی نصف سنچری بنائی اور 77 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

بھارت کی جانب سے محمد شامی چار وکٹوں کے ساتھ سب سے کامیاب بولر رہے۔

بنگلہ دیش اور بھارت آخری بار 2012 میں ایشیا کپ کے میچ میں ہی مدِمقابل ہوئے تھے۔

اس میچ میں بھارت نے پہلے کھیلتے ہوئے 290 رنز بنائے تھے بنگلہ دیش نے شکیب الحسن کے عمدہ کھیل کی بدولت یہ ہدف حاصل کر لیا تھا۔

اسی بارے میں