پاکستانی خواتین کرکٹ ٹیم آسٹریلیا جائے گی

تصویر کے کاپی رائٹ BBC World Service
Image caption یہ پہلا موقع ہے کہ آسٹریلیا نے پاکستانی خواتین ٹیم کو دو طرفہ سیریز کے لیے مدعو کیا ہے

پاکستان کی خواتین کرکٹ ٹیم رواں برس اگست میں آسٹریلیا کا دورہ کرے گی۔ اس دورے میں وہ پانچ ٹی ٹوئنٹی اور تین ون ڈے بین الاقوامی میچ کھیلے گی۔

یہ پہلا موقع ہے کہ آسٹریلیا نے پاکستانی خواتین ٹیم کو دو طرفہ سیریز کے لیے مدعو کیا ہے۔

آسٹریلیا کی خواتین کرکٹ ٹیم اس وقت ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی کی عالمی چیمپیئن ہے۔

پاکستانی خواتین ٹیم کی کپتان ثنا میر نے بی بی سی سے بات کرتے ہوئے کہا کہ آسٹریلیا کا پاکستانی ٹیم کو مدعو کرنا اس بات کا منھ بولتا ثبوت ہے کہ پاکستانی ٹیم کی کارکردگی میں بہتری آ رہی ہے اور بڑی ٹیمیں اس کے ساتھ کھیلنا چاہتی ہیں۔

انھوں نے کہا کہ انگلینڈ جیسی مضبوط ٹیم کو اسی کے میدان میں ہرانے کے بعد دنیا کو پاکستانی ٹیم کی اہلیت اور صلاحیت کا صحیح معنوں میں اندازہ ہوا ہے جس کے بعد پاکستانی ٹیم نے قطر میں کھیلی گئی سہ فریقی سیریز میں جنوبی افریقہ کو بھی پہلی بار شکست دی اور آئرلینڈ کو بھی ہرا کر سیریز جیتی۔

ثنا میر کا کہنا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کا ویمن ونگ بھی بڑی ٹیموں سے کھیلنے کےلیے ہمیشہ کوشش کرتا رہا ہے۔

انھوں نے کہا کہ آئی سی سی ورلڈ ٹی ٹوئنٹی پاکستانی ٹیم کے لیے بہت اہم ہے، ٹیم کی تیاری اچھی ہوئی ہے اور قطر کی سہ فریقی سیریز جیتنے سے کھلاڑیوں کے اعتماد میں بہت اضافہ ہوا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ عالمی مقابلے سے قبل بنگلہ دیش کے خلاف سیریز سے بھی ٹیم کو تیاری میں مدد ملے گی۔

ثنا میر نے کہا کہ پاکستانی ٹیم اگرچہ قطر میں جنوبی افریقہ اور آئرلینڈ کو ہرا چکی ہے، لیکن ورلڈ ٹی ٹوئنٹی میں ان دونوں ٹیموں کو ہرانے کے لیے سخت محنت کرنی ہوگی۔

واضح رہے کہ ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کے گروپ میں پاکستانی ٹیم کو جنوبی افریقہ، آئرلینڈ، نیوزی لینڈ اور آسٹریلیا سے مقابلہ کرنا ہے۔

ثنا میرنے کہا کہ یہ ایک سخت گروپ ہے لیکن اگر پاکستانی ٹیم گروپ میچوں میں ان سخت ٹیموں کے خلاف اچھے نتائج دینے میں کامیاب ہوگئی تو ناک آؤٹ مرحلے کے لیے اس کے اعتماد میں اضافہ ہوگا۔

انھوں نے کہا کہ ٹیم میں آپ کو پرانے چہرے اس لیے دکھائی دیتے ہیں کہ یہ کھلاڑیاں اچھی کارکردگی دکھا رہی ہیں لہٰذا بلاوجہ کی تبدیلیوں کی ضرورت نہیں ہے، البتہ بیٹنگ میں بہتری لانے کی کوشش ہوتی رہے گی۔

اسی بارے میں