ایشیا کپ: پاکستان نے بھارت کو ایک وکٹ سے شکست دے دی

تصویر کے کاپی رائٹ AFP
Image caption آل راؤنڈر شاہد آفریدی نے آخری اوور کی تیسری اور چوتھی گیندوں پر دو چھکے مار کر میچ جتوایا

بنگلہ دیش کے شیرِ بنگلہ نیشنل سٹیڈیم میں کھیلے جانے والے ایشیا کپ کے چھٹے میچ میں پاکستان نے ایک دلچسپ مقابلے کے بعد بھارت کو ایک وکٹ سے شکست دے دی ہے۔

پاکستان نے ٹاس جیت کر بھارت کو پہلے بیٹنگ کرنے کی دعوت دی۔ بھارت نے مقررہ پچاس اوورز میں آٹھ وکٹوں کے نقصان پر 245 رنز سکور کیے۔

پاکستان کی جانب سے احمد شہزاد اور شرجیل خان نے پاکستان کو عمدہ آغاز دیا۔ شرجیل 71 کے مجموعی سکور پر پچیس رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

تفصیلی سکور کارڈ

احمد شہزاد آؤٹ ہونے والے دوسرے کھلاڑی تھے۔ انہوں نے 64 گیندوں میں 42 رنز بنائے۔

محمد حفیظ نے عمدہ کھیل پیش کیا اور ٹیم کی پوزیشن مستحکم کی۔ انہوں نے 130 گیندوں میں 75 رنز بنائے۔

مصباح الحق، عمر اکمل اچھا کھیل پیش نہ کرسکے۔

آل راؤنڈر شاہد آفریدی نے آخری اوور کی تیسری اور چوتھی گیندوں پر دو چھکے مار کر میچ جتوایا۔

بھارت کی جانب سے روہت شرما نے عمدہ بیٹنگ کرتے ہوئے 56 گیندوں میں 58 رنز بنائے۔ ان کو محمد طلحہ نے آؤٹ کیا۔

راؤدو نے بھی 58 رنز سکور کیے۔ ان کو سعید اجمل نے آؤٹ کیا۔

پاکستان کی فیلڈنگ معیاری نہیں تھی اور کیچ چھوڑے گئے۔

پاکستان کی جانب سے سعید اجمل نے تین، حفیظ اور طلحہ نے دو دو جبکہ عمر گل نے ایک وکٹ حاصل کی۔

دونوں ٹیموں کے لیے یہ انتہائی اہم میچ بنگلہ دیش کے دارالحکومت ڈھاکہ میں کھیلا جا رہا ہے۔

پاکستان کی ٹیم میں ایک تبدیلی کی گئی ہے اور انور علی کی جگہ محمد طلحہ کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔ یہ محمد طلحہ کا پہلا ایک روزہ میچ ہوگا۔

بھارت کی ٹیم میں بھی ایک تبدیلی کرکے سٹورٹ بینی کی جگہ امت شرما کو شامل کیا گیاہے۔

پاکستان اور بھارت دونوں اس ٹورنامنٹ میں ایک ایک میچ ہار چکے ہیں اور ایک ایک میچ جیت چکے ہیں۔

پاکستان نے اپنے دوسرے میچ میں افغانستان کو 72 رنز سے شکست دے دی تھی۔افغانستان کی پوری ٹیم 249 رنز کے ہدف کے تعاقب میں 176 رنز کر آؤٹ ہو گئی تھی۔

پاکستان اپنا پہلا میچ سری لنکا سے بارہ رنز سے ہار گیا تھا۔

بھارت نے اپنے پہلے میچ میں بنگلہ دیش کو چھ وکٹوں سے شکست دی تھی جبکہ اسے اپنے دوسرے میچ میں ایک سخت مقابلے کے بعد سری لنکا کے ہاتھوں شکست ہوئی تھی۔

اسی بارے میں