کیپ ٹاؤن:جنوبی افریقہ ٹیسٹ اور سیریز ہار گیا

تصویر کے کاپی رائٹ Reuters
Image caption سنچورین میں کھیلے جانے والے سیریز کے پہلے ٹیسٹ میچ میں آسٹریلیا نے جنوبی افریقہ کو 281 رنز سے ہرایا تھا

کیپ ٹاؤن میں کھیلے جانے والے تیسرے ٹیسٹ میچ میں آسٹریلیا نے جنوبی افریقہ کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 245 رنز سے شکست دے کر تین ٹیسٹ میچوں پر مشتمل سیریز دو ایک سے جیت لی۔

جنوبی افریقہ کی پوری ٹیم بدھ کو کھیل کے آخری دن دوسری اننگز میں 265 بنا کر آؤٹ ہو گئی۔

میچ کا تفصیلی سکور کارڈ

ایک موقع پر ایسا محسوس ہو رہا تھا کہ جنوبی افریقہ یہ ٹیسٹ میچ برابر کرنے میں کامیاب ہو جائے گا تاہم آسٹریلیا نے ہمت نہ ہاری اور آخری لمحات میں میچ جیت لیا۔

جنوبی افریقہ کی جانب سے فلینڈر نے 105 گیندوں پر چھ چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے سب سے زیادہ 51 جب کہ ڈیل سٹین نے 44 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے صرف ایک رن بنایا۔

دونوں بلے بازوں نے آٹھویں وکٹ کی شراکت میں 73 رنز کا اضافہ کیا۔

جنوبی افریقہ کی جانب سے کائل ایبٹ اور اے بی ڈویلیئرز نے میچ کے پانچویں دن کا آغاز کیا۔

جنوبی افریقہ کو 95 رنز کے مجموعی سکور پر پانچواں نقصان اس وقت اٹھانا پڑا جب کائل ایبٹ صرف سات رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔ آسٹریلیا کی جانب سے دوسری اننگز میں ریان ہیرس نے چار، مچل جانسن نے تین اور جیمز پیٹنسن نے ایک کو آؤٹ کیا۔

تصویر کے کاپی رائٹ Getty
Image caption آسٹریلیا کے بلے باز ڈیوڈ وارنر کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ انھوں نے میچ کی دونوں اننگز میں سنچریاں بنائیں

اس سے پہلے آسٹریلیا نے پانچ وکٹوں کے نقصان پر 303 رنز بنا کر دوسری اننگز ڈکلیئر کر دی تھی۔

آسٹریلیا کی جانب سے ڈیوڈ وارنر نے دوسری اننگز میں بھی بےحد جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 13 چوکوں اور چار چھکوں کی مدد سے 145 رنز بنائے۔ انھوں نے پہلی اننگز میں بھی سنچری بنائی تھی۔

جنوبی افریقہ کی جانب سے دوسری اننگز میں کائل ایبٹ نے تین اور مورنی مورکل نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

اس سے پہلے جنوبی افریقہ کی پوری ٹیم پہلی اننگز میں 287 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی تھی۔

جنوبی افریقہ کی جانب سے پہلی اننگز میں فاف ڈوپلیسی نے 67 جب کہ ایلویرو پیٹرسن نے 53 رنز بنائے۔ آسٹریلیا کی جانب سے مچل جانسن نے چار، پال ہیرس نے تین جب کہ پیٹنسن نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

اس سے پہلے آسٹریلیا نے پہلی اننگز میں سات وکٹوں کے نقصان پر 494 رنز بنا کر اپنی اننگز ڈکلئیر کر دی تھی۔ آسٹریلیا کی اننگز کی خاص بات کپتان مائیکل کلارک اور ڈیوڈ وارنز کی شاندار سنچریاں تھیں۔

مائیکل کلارک نے 17 چوکوں کی مدد سے 161 رنز بنائے اور آؤٹ نہیں ہوئے جب کہ ڈیوڈ وارنر نے 12 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 135 رنز بنائے۔

جنوبی افریقہ نے پورٹ الزبتھ میں کھیلے جانے والے دوسرے ٹیسٹ میچ میں آسٹریلیا کو 231 رنز سے شکست دے پر تین ٹیسٹ میچوں پر مشتمل سیریز ایک ایک سے برابر کر دی تھی۔

سنچورین میں کھیلے جانے والے سیریز کے پہلے ٹیسٹ میچ میں آسٹریلیا نے جنوبی افریقہ کو 281 رنز سے ہرایا تھا۔

آسٹریلیا کے بلے باز ڈیوڈ وارنر کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ انھوں نے میچ کی دونوں اننگز میں سنچریاں بنائیں۔

اسی بارے میں