انگلینڈ نے آخری ون ڈے اور سیریز جیت لی

تصویر کے کاپی رائٹ AFP
Image caption انگلش کپتان سٹوئرٹ براڈ نے بھی دو وکٹیں لیں

جوئے روٹ کی آل راؤنڈ پرفارمنس کی بدولت انگلینڈ نے تیسرے ایک روزہ کرکٹ میچ میں ویسٹ انڈیز کو 25 رنز سے شکست دے دی ہے۔

اس فتح کے نتیجے میں انگلینڈ نے یہ ون ڈے سیریز دو ایک سے جیت لی ہے۔

میچ کا تفصیلی سکور کارڈ

انٹیگوا میں کھیلے جانے والے اس میچ میں انگلینڈ نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں چھ وکٹوں کے نقصان پر 303 رنز بنائے۔

انگلش اننگز کی خاص بات جوئے روٹ اور جوس بٹلر کی شاندار بلے بازی تھی۔ ان دونوں کے درمیان 175 رنز کی شراکت ہوئی۔

اس دوران جہاں روٹ نے سنچری مکمل کی اور 107 رنز بنائے وہیں بٹلر ایک رن کی کمی سے سنچری نہ بنا سکے اور آخری اوور میں 99 کے سکور پر آؤٹ ہوگئے۔

جواب میں ویسٹ انڈیز کا آغاز اچھا نہ تھا اور روٹ نے صرف 10 کے مجموعی سکور پر پاول کو آؤٹ کر کے ویسٹ انڈیز کی پہلی وکٹ حاصل کی۔

ایک موقع پر ویسٹ انڈیز کے چار کھلاڑی صرف 43 کے سکور پر پویلین لوٹ گئے تاہم اس موقع پر دنیش رام دین نے ٹیم کو سہارا دیا اور سنچری سکور کی۔

رام دین کی 128 رنز کی شاندار اننگز کا خاتمہ ٹم بریسنن نے کیا اور ویسٹ انڈیز کی پوری ٹیم اڑتالیسویں اوور میں 278 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔

انگلینڈ کے لیے ٹم بریسنن تین وکٹوں کے ساتھ سب سے کامیاب بولر رہے۔

اس سیریز کے پہلے میچ میں ویسٹ انڈیز نے 15 رنز جبکہ دوسرے میں انگلینڈ نے تین وکٹوں سے کامیابی حاصل کی تھی۔

اسی بارے میں