آئی پی ایل مقابلے یو اے ای اور بنگلہ دیش میں

تصویر کے کاپی رائٹ PTI
Image caption بھارت میں انتخابات کی وجہ سے 2009 کے آئی پی ایل کے مقابلے جنوبی افریقہ میں منعقد کیے گئے تھے

انڈین پریمئر لیگ کے افتتاحی میچز بھارت میں ہونے والے عام انتخابات کی وجہ سے متحدہ عرب امارات میں منعقد ہوں گے۔

متحدہ عرب امارات کے علاوہ کچھ میچز بنگلہ دیش میں بھی منعقد ہوں گے۔ ملک میں انتخابات کے لیے ووٹنگ اختتام پذیر ہونے کے بعد بقیہ میچز بھارت میں ہوں گے۔

دنیا کے سب سے بڑے انتخابات 12 مئی کو بھارت میں شروع ہوں گے جس کی وجہ سے سکیورٹی فورسز کو آئی پی ایل کے مقابلوں کے لیے فارغ نہیں کیا جا سکتا ہے۔

متحدہ عرب امارات میں کم از کم 16 میچز منعقد ہوں گے جن کا آغاز 16 اپریل سے ہوگا اور متحدہ عرب امارات میں آخری مقابلہ 30 اپریل کو منعقد ہوگا۔

اس کے بعد کچھ مقابلے بنگلہ دیش منتقل کیے جائیں گے جس کے بعد 13 مئی سے مقابلے بھارت واپس آ جائیں گے جب انتخابات کے لیے ووٹنگ ختم ہو چکی ہوگی۔

آئی پی ایل نے دوسرے مرحلے کے مقابلے چند مخصوص بھارتی ریاستوں میں منعقد کرنے کے لیے بھارتی حکومت سے درخواست کی ہے جب پولنگ ختم ہو چکی ہو گی۔

تیسرے مرحلے کا آغاز 12 مئی سے ہو گا جو بھارت میں ہوں گے لیکن 16 مئی کو کوئی میچ نہیں کھیلا جائےگا جب انتخابات کے بعد ووٹوں کی گنتی ہو رہی ہوگی اور انتخابات کے نتائج کا اعلان متوقع ہوگا۔

یاد رہے کہ 2009 کے آئی پی ایل مقابلے اس سال منعقد ہونے والے عام انتخابات کی وجہ سے جنوبی افریقہ میں منعقد کیےگئے تھے۔

اسی بارے میں