تندولکر’نسل کے بہترین کھلاڑی‘، آفریدی بہترین بالر

تصویر کے کاپی رائٹ PA
Image caption سچن کے پاس ٹیسٹ اور ون ڈے دونوں فارمیٹ میں سب سے زیادہ رنز اور سنچری کا ریکارڈ ہے

کرکٹ کی مقبول ویب سائیٹ ای ایس پی این کرک انفو کے سال 2013 کے ایوارڈز میں بھارتی بلے باز سچن تندولکر کو ’اس نسل کا بہترین کرکٹر‘ قرار دیا گیا ہے۔

ان ایوارڈز کا اعلان گذشتہ شب ممبئی میں ایک رنگا رنگ تقریب کے دوران کیا گیا۔

سچن تندولکر کو رواں اور سابقہ کرکٹ کھلاڑیوں، سپورٹس صحافیوں اور کمنٹیٹروں پر مشتمل 50 افراد کی ایک جیوری نے ’کرکٹر آف دا جنریشن‘ کے ایوارڈ کا مستحق قرار دیا۔

یہ ایوارڈ سنہ 1993 سے 2013 تک بیس سال کے عرصے پر محیط اس نسل کے عظیم ترین کرکٹ کھلاڑیوں کے لیے تھا اور اس میں سچن تندولکر کا مقابلہ آسٹریلیا کے بولر شین وارن اور جنوبی افریقہ کے آل راؤنڈر ژاک کالس سے تھا۔

آسٹریلیا کے تیز بولر مچل جانسن کو ایشز میں بہترین کارکردگی کے لیے سنہ 2013 کے لیے ٹیسٹ میچ کے زمرے میں ایڈیلیڈ میں 40 رنز کے عوض سات وکٹوں کو ان کی بہترین بالنگ قرار دیا گیا۔

ون ڈے میں پاکستان کے آل راؤنڈر شاہد آفریدی کو یہی ایوارڈ ویسٹ انڈیز کے خلاف 12 رنز کے عوض سات وکٹ کے لیے دیا گیا۔ اس میچ میں شاہد آفریدی نے نمایاں بلے بازی بھی کی تھی۔ واضح رہے کہ اس سے قبل سنہ 2009 میں بھی شاہد آفریدی کو بہتریں ون ڈے بالر کا ایوارڈ دیا گیا تھا۔

ای ایس پی این کرک انفو کے مطابق شاہد آفریدی نے کہا کہ ’مجھے وہ میچ یاد ہے کیونکہ مجھے چیمپیئنز ٹرافی کے لیے منتخب نہیں کیا گیا تھا اور جارج ٹاؤن میں یہ میرا پہلا کم بیک میچ تھا۔ میں نے اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور میں اس ایوارڈ سے خوش ہوں۔‘

تصویر کے کاپی رائٹ Getty
Image caption شاہد آفریدی کی بالنگ ونڈے کی دوسری بہترین بالنگ ہے

سنہ 2013 کے لیے ٹیسٹ اور ون ڈے دونوں زمروں میں بھارت کے شیکھر دھون اور روہت شرما کو ایوارڈز دیے گئے۔ شیکھر نے موہالی میں آسٹریلیا کے خلاف 187 رنز کی شاندار اننگز کھیلی تھی۔

روہت شرما کو بنگلور میں آسٹریلیا کے خلاف ون ڈے میں ڈبل سنچری بنانے کے لیے اس ایوارڈ کا مستحق قرار دیا گیا۔

روہت شرما نے کہا کہ ’میں اپنی کارکردگی سے خوش ہوں کیونکہ ون ڈے میں ڈبل سنچری شاذونادر ہی لگتی ہے۔‘

ای ایس پی این کرک انفو کرکٹ ایوارڈز کے ساتویں سال یہ ایوارڈز دیے گئے۔

بھارت کے محمد شامی کو سال کے بہترین شروعات کرنے والے کھلاڑی کا ایوارڈ دیا گیا۔

اعداد و شمار کے تحت دیے جانے والے ایوارڈز جنوبی افریقہ کے اے بی ڈی ویلئرز اور ڈیل سٹین کو بالترتیب بیٹنگ اور بالنگ میں ملے۔

اسی بارے میں