بنگلہ دیش میں آئی سی سی ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کا آغاز

تصویر کے کاپی رائٹ BBC World Service
Image caption کوالیفائنگ میچز کھیلنے والی ٹیموں کو دو گروپوں میں تقسیم کیا گیا ہے

بنگلہ دیش میں پانچویں آئی سی سی ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کا آغاز اتوار سے ہو رہا ہے اور پہلے دن کوالیفائنگ راؤنڈ میں دو میچ کھیلے جائیں گے۔

بنگلہ دیش اور افغانستان کے علاوہ آج کے دوسرے میچ میں ہانگ کانگ کا مقابلے نیپال سے ہوگا۔ یہ دونوں ٹیمیں ہی پہلی بار ٹی ٹوئنٹی کپ میں حصہ لے رہی ہیں۔

اس مرتبہ یہ ٹورنامنٹ دو مراحل میں کھیلا جائے گا۔

پہلے مرحلے میں آٹھ ٹیموں کے درمیان کوالیفائنگ میچز کھیلے جائیں گے جن میں سے دو ٹیمیں سپر 10 مرحلے کے لیے کوالیفائی کریں گی جہاں وہ پہلے سے موجود آٹھ بڑی ٹیموں کے خلاف مدمقابل ہوں گی۔

کوالیفائنگ میچز کھیلنے والی ٹیموں کو دو گروپوں میں تقسیم کیا گیا ہے۔

گروپ اے بنگلہ دیش، افغانستان، نیپال اور ہانگ کانگ جبکہ گروپ بی آئرلینڈ، زمبابوے، ہالینڈ اور متحدہ عرب امارات پر مشتمل ہے۔

گروپ اے سے کوالیفائی کرنے والی ٹیم فائنل راؤنڈ میں گروپ ٹو میں پاکستان، بھارت، آسٹریلیا اور دفاعی چیمپئن ویسٹ انڈیز سے مقابلہ کرے گی۔

گروپ بی کی فاتح ٹیم کا سامنا گروپ ون میں سری لنکا، انگلینڈ، نیوزی لینڈ اور جنوبی افریقہ سے ہوگا۔

ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کا سپر 10 مرحلہ اکیس مارچ سے شروع ہوگا اور اس مرحلے کا آغاز روایتی حریف ٹیموں پاکستان اور بھارت کے درمیان میرپور میں کھیلے گئے میچ سے ہوگا۔

سپر 10 مرحلے میں گروپ ون کی ٹیمیں اپنے تمام میچ چٹاگانگ میں کھیلیں گی جبکہ گروپ ٹو کے تمام میچ میرپور میں رکھے گئے ہیں۔

میرپور کا ہی شیرِ بنگلہ سٹیڈیم ٹورنامنٹ کے دونوں سیمی فائنلز اور فائنل کی میزبانی کرے گا۔

پہلا سیمی فائنل تین اور دوسرا سیمی فائنل چار اپریل کو کھیلا جائے گا جبکہ ٹورنامنٹ کے فاتح کا فیصلہ چھ اپریل کو کھیلے جانے والے فائنل میں ہوگا۔

اسی بارے میں