ورلڈ ٹی 20:نیپال نے ہانگ کانگ کو شکست دے دی

تصویر کے کاپی رائٹ AFP
Image caption نیپال کی ٹیم نے اپنی کارکردگی سے سب کو متاثر کیا ہے

آئی سی سی کے پانچویں عالمی ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ کے پہلے مرحلے کے دوسرے میچ میں نیپال نے ہانگ کانگ کو 80 رنز سے شکست دے دی ہے۔

اتوار کو چٹاگانگ میں کھیلے جانے والے میچ میں نیپال نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ بیس اوورز میں آٹھ وکٹوں کے نقصان پر 148 رنز بنائے۔

میچ کا تفصیلی سکور کارڈ

نیپالی اننگز کی خاص بات گیاندرا ملا کی اچھی بلے بازی تھی۔ گیاندرا نے چار چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 41 گیندوں پر 48 رنز بنائے۔

ان کے علاوہ پارس کھڑکا نے بھی 41 رنز کی اہم اننگز کھیلی۔

ہانگ کانگ کی جانب سے حسیب امجد تین اور ندیم احمد دو وکٹوں کے ساتھ نمایاں رہے۔

149 رنز کے ہدف کے تعاقب میں ہانگ کانگ کے بلے باز وکٹ پر جم نہ سکے اور پوری ٹیم 17ویں اوور میں 69 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔

ہنگ کانگ کے آٹھ کھلاڑیوں کا سکور دوہرے ہندسوں تک بھی نہ پہنچ سکا۔ بابر حیات 20 رنز کے ساتھ ٹاپ سکورر رہے جبکہ وقاص برکات نے 18 رنز بنائے۔

نیپال کے لیے بسنت ریگمی اور شکتی گوچن تین، تین وکٹیں لے کر نمایاں رہے۔

یہ پہلا موقع ہے کہ نیپال اور ہانگ کانگ کی ٹیمیں آئی سی سی ورلڈ ٹی ٹوئنٹی مقابلوں میں حصہ لے رہی ہیں۔

ان دونوں ٹیموں کو پہلے مرحلے میں گروپ اے میں رکھا گیا ہے اور اس گروپ کی دیگر دو ٹیمیں بنگلہ دیش اور افغانستان ہیں۔

اس گروپ میں سرفہرست رہنے والی ٹیم فائنل راؤنڈ کےگروپ ٹو میں پاکستان، بھارت، آسٹریلیا اور دفاعی چیمپئن ویسٹ انڈیز سے مقابلہ کرے گی۔

اسی بارے میں