کرس گیل نے کس کو مشہور بنایا ؟

تصویر کے کاپی رائٹ AFP

ویسٹ انڈیز کے اوپنر کرس گیل میدان میں باؤلر پر حاوی ہونے کا کوئی موقع ہاتھ سے جانے نہیں دیتے لیکن میدان سے باہر ان کی بذلہ سنجی مشہور ہے۔ وہ ہمیشہ خوشگوار موڈ میں رہتے ہیں اور اپنے دلچسپ فقروں سے قہقہے بکھیرتے رہتے ہیں۔

آئی سی سی ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کے موقع پر صحافیوں سے دوران گفتگو انھوں نے ازراہ تفنن بنگلہ دیشی سپنر سوہاگ غازی کو پہچاننے سے انکار کر دیا اور صحافیوں سے سوال کر ڈالا ’ کون سوہاگ غازی؟ ’اچھا وہ جسے میں نے ٹیسٹ میچ کی پہلی ہی گیند پر چھکا مارا تھا۔‘

وہ ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ میں پہلا موقع تھا کہ کسی بیٹسمین نے میچ کی اولین گیند پر ہی چھکا مارا۔

کرس گیل شرارت کے موڈ میں تھے کہنے لگے’میں نے ہی سوہاگ غازی کو مشہور بنایا تھا جن کا وہ پہلا ٹیسٹ میچ بھی تھا۔‘

تاہم سنجیدہ ہوکر کرس گیل کا کہنا تھا کہ غازی ایک اچھے نوجوان آف اسپنر ہیں جن سے بنگلہ دیش کو بڑی امیدیں وابستہ ہیں۔

کرس گیل کا سوہاگ غازی سے واسطہ دو ہزار بارہ کی سیریز میں پڑا تھا۔ اس وقت گیل فارم میں نہیں تھے انھوں نے پہلے ہی اوور میں دو چھکے لگائے تھے لیکن تیسرے اوور میں سوہاگ غازی نے گیل کو آؤٹ کردیا تھا۔ اگلے ٹیسٹ میچ اور ون ڈے میں کرس گیل ایک بار پھر سوہاگ غازی کے ہاتھوں آؤٹ ہوئے تھے۔

کرس گیل کو یہ بات اچھی طرح معلوم ہے کہ شائقین ان کی بیٹنگ کے دیوانے ہیں۔

’دنیا بھر میں لوگ میری بیٹنگ کو پسند کرتے ہیں یہ ان کے لیے ایک تفریح ہے جس کے لیے وہ پیسہ خرچ کرتے ہیں۔‘

دوسال قبل آئی سی سی ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کے موقع پر کرس گیل اپنی کامیابی کا جشن گنگہم ڈانس کے ذریعے منانے پر سب کی توجہ کا مرکز بنے تھے۔

اسی بارے میں