افغانستان نےہانگ کانگ کو ہرا دیا

تصویر کے کاپی رائٹ AFP

آئی سی سی کے پانچویں عالمی ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ کے کوالیفائنگ مرحلے میں افغانستان نے ہانگ کانگ کو باآسانی ہرا دیا ہے۔

ہانگ کانگ کی ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئی بیس اووروں میں آٹھ وکٹوں کے نقصان پر 153 رنز بنائے۔ ہانگ گانگ کی طرف سے وقاص برکات نے 32، کپتان ایٹکسن 31، اور چیپمین نے بالترتیب 38 رنز سکور کیے۔

ہانگ گانگ کے جانب سے عرفان احمد، بابر حیات، نزاکت خان، منیر ڈار، تنویر افضل، حسیب احمد اور عزیز خان بڑا سکور کرنے میں کامیاب نہ ہو سکے۔

افغانستان کی جانب سے محمد شہزاد اور شفیق اللہ نے عمدہ بیٹنگ کرتے ہوئے نصف سنچریاں سکور کی اور مطلوبہ ہدف اٹھارہ اوروں میں ہی مکمل کر لیا۔

چٹاگانگ میں کھیلے جانے والا یہ میچ ہانگ کانگ کا دوسرا بین الاقوامی ٹی ٹوئنٹی میچ تھا جبکہ افغانستان کے لیے یہ 24 واں میچ تھا۔

افغانستان کی ٹیم تیسری مرتبہ آئی سی سی ورلڈ ٹی ٹوئنٹی میں حصہ لے رہی ہے اور حال ہی میں ایشیا کپ کے دوران بنگلہ دیش کو شکست دینے کے بعد اس ٹی ٹوئنٹی میچ میں شائقین کی دلچسپی بڑھ گئی تھی۔

اس ٹورنامنٹ میں اس سے پہلے افغانستان کو بنگلہ دیش کے ہاتھوں نو وکٹوں سے شکست ہوئی جبکہ ہانگ کانگ نیپال سے 80 رنز سے ہار گیا۔

یاد رہے کہ ورلڈ ٹی ٹوئنٹی میں بنگلہ دیش اور افغانستان کے میچ کے دوران شکیب الحسن اور دولت زدران کو آئی سی سی کے کوڈ کی خلاف ورزی کرنے پر پچاس فیصد میچ فی کا جرمانہ کیا گیا۔

بنگلہ دیش میں جاری ورلڈ ٹی ٹوئنٹی میں منگل کے روز اس کے علاوہ بنگلہ دیش اور نیپال کا میچ بھی ہوگا۔

اس مرتبہ یہ ٹورنامنٹ دو مراحل میں کھیلا جائے گا۔

پہلے مرحلے میں آٹھ ٹیموں کے درمیان کوالیفائنگ میچز کھیلے جائیں گے جن میں سے دو ٹیمیں سپر 10 مرحلے کے لیے کوالیفائی کریں گی جہاں وہ پہلے سے موجود آٹھ بڑی ٹیموں کے خلاف مدمقابل ہوں گی۔

کوالیفائنگ میچز کھیلنے والی ٹیموں کو دو گروپوں میں تقسیم کیا گیا ہے۔

گروپ اے بنگلہ دیش، افغانستان، نیپال اور ہانگ کانگ جبکہ گروپ بی آئرلینڈ، زمبابوے، ہالینڈ اور متحدہ عرب امارات پر مشتمل ہے۔

گروپ اے سے کوالیفائی کرنے والی ٹیم فائنل راؤنڈ میں گروپ ٹو میں پاکستان، بھارت، آسٹریلیا اور دفاعی چیمپئن ویسٹ انڈیز سے مقابلہ کرے گی۔

گروپ بی کی فاتح ٹیم کا سامنا گروپ ون میں سری لنکا، انگلینڈ، نیوزی لینڈ اور جنوبی افریقہ سے ہوگا۔

ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کا سپر 10 مرحلہ اکیس مارچ سے شروع ہوگا اور اس مرحلے کا آغاز روایتی حریف ٹیموں پاکستان اور بھارت کے درمیان میرپور میں کھیلے گئے میچ سے ہوگا۔

سپر 10 مرحلے میں گروپ ون کی ٹیمیں اپنے تمام میچ چٹاگانگ میں کھیلیں گی جبکہ گروپ ٹو کے تمام میچ میرپور میں رکھے گئے ہیں۔

میرپور کا ہی شیرِ بنگلہ سٹیڈیم ٹورنامنٹ کے دونوں سیمی فائنلز اور فائنل کی میزبانی کرے گا۔

پہلا سیمی فائنل تین اور دوسرا سیمی فائنل چار اپریل کو کھیلا جائے گا جبکہ ٹورنامنٹ کے فاتح کا فیصلہ چھ اپریل کو کھیلے جانے والے فائنل میں ہوگا۔

اسی بارے میں