وارم اپ میچ میں پاکستان کو آٹھ وکٹوں سے شکست

تصویر کے کاپی رائٹ AFP
Image caption ہاشم آملہ جنوبی افریقی اننگز کے ٹاپ سکورر رہے

جنوبی افریقہ نے پاکستان کو وارم اپ میچ میں آٹھ وکٹوں سے شکست دے دی ہے۔

پاکستان نے فتح اللہ میں کھیلے جانے والے اس میچ میں ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا لیکن پاکستانی بلے باز جنوبی افریقہ کے باؤلروں کے سامنے ریت کی دیوار ثابت ہوئے اور پوری ٹیم 20 اوور بھی نہ کھیل سکی۔

پاکستانی بلے باز مجموعی طور پر صرف 71 رن ہی بنا سکے اور جنوبی افریقہ نے یہ ہدف 14ویں اوور میں صرف دو وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔

جنوبی افریقہ کی جانب سے ہاشم آملہ نے 24 اور ابراہم ڈی ویلیئرز نے 20 رنز بنائے۔

اس سے قبل پاکستانی اننگز میں صرف تین بلے بازوں کا سکور ہی دوہرے ہندسوں میں داخل ہو سکا۔

ان بلے بازوں میں اوپنر احمد شہزاد 12، عمر اکمل 17 اور صہیب مقصود 15 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔

جنوبی افریقہ کی جانب سے پارنل، ہینڈرکس اور سوٹسوبے نے دو، دو وکٹیں لیں۔

پاکستان نے اس سے قبل پہلے وارم اپ میچ میں نیوزی لینڈ کو باآسانی شکست دی تھی۔

ورلڈ ٹی 20 مقابلوں میں پاکستان اپنا پہلا میچ جمعے کو روایتی حریف بھارت کے خلاف کھیلے گا جس نے بدھ کو ہی اپنے دوسرے وارم اپ میچ میں انگلینڈ کو شکست دی ہے۔

اسی بارے میں