ورلڈ ٹی20: زمبابوے کی ہالینڈ پر فتح

تصویر کے کاپی رائٹ AFP
Image caption گروپ اے بنگلہ دیش، افغانستان، نیپال اور ہانگ کانگ جبکہ گروپ بی آئرلینڈ، زمبابوے، ہالینڈ اور متحدہ عرب امارات پر مشتمل ہے

آئی سی سی کے پانچویں عالمی ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ کے کوالیفائنگ مرحلے میں بدھ کو زمبابوے نے ہالینڈ کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد پانچ وکٹوں سے شکست دے دی ہے۔

بنگلہ دیش کے شہر سلہٹ میں ہالینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے کھیلتے ہوئے زمبابوے کو فتح کے لیے 141 رنز کا ہدف فراہم کیا جو اس نے آخری اوور کی آخری گیند پر حاصل کر لیا۔

زمبابوے کی فتح میں اہم کردار مساکادزا اور برینڈن ٹیلر کی ذمہ دارانہ بلے بازی نے ادا کیا۔

مسکادزا نے 42 رنز بنائے جبکہ ٹیلر ایک رن کی کمی سے نصف سنچری مکمل نہ کر سکے۔

اس سے پہلے ہالینڈ نے مقررہ 20 اوورز میں کوپر کی عمدہ بلے بازی کی بدولت پانچ وکٹوں کے نقصان پر 140 رنز بنائے۔

کوپر نے 58 گیندوں پر نو چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 72 رنز کی اننگز کھیلی۔

ان کے علاوہ دیگر ڈچ بلے باز قابلِ ذکر کارکردگی نہ دکھا سکے۔

مائیکل سٹوئرٹ تین رنز بنا کر رن آوٹ ہوئے جبکہ اوپنر سٹیفن مائیبرگ بغیر رن بنائے میچ کی تیسری ہی گیند ہی ایل بی ڈبلیو ہوگئے تھے۔

ویزلی برائسی نے جارحانہ بلے بازی کرنے کی کوشش کی اور تین چوکے لگائے تاہم وہ بھی بارہ رنز بنا کر آوٹ ہوگئے۔ پیٹر بورن نے آٹھ رنز بنائے۔

تصویر کے کاپی رائٹ AP
Image caption اس مرتبہ یہ ٹورنامنٹ دو مراحل میں کھیلا جا رہا ہے

زمبابوے کی جانب سے پراسپر اتسیا نے دو جبکہ تناسے پایانگرا نے ایک وکٹ حاصل کی ہے۔

کوالیفائنگ مرحلہ

اس مرتبہ یہ ٹورنامنٹ دو مراحل میں کھیلا جا رہا ہے۔

پہلے مرحلے میں آٹھ ٹیموں کے درمیان کوالیفائنگ میچز کھیلے جائیں گے جن میں سے دو ٹیمیں سپر 10 مرحلے کے لیے کوالیفائی کریں گی جہاں وہ پہلے سے موجود آٹھ بڑی ٹیموں کے خلاف مدمقابل ہوں گی۔

کوالیفائنگ میچز کھیلنے والی ٹیموں کو دو گروپوں میں تقسیم کیا گیا ہے۔

گروپ اے بنگلہ دیش، افغانستان، نیپال اور ہانگ کانگ جبکہ گروپ بی آئرلینڈ، زمبابوے، ہالینڈ اور متحدہ عرب امارات پر مشتمل ہے۔

گروپ اے سے کوالیفائی کرنے والی ٹیم فائنل راؤنڈ میں گروپ ٹو میں پاکستان، بھارت، آسٹریلیا اور دفاعی چیمپئن ویسٹ انڈیز سے مقابلہ کرے گی۔

گروپ بی کی فاتح ٹیم کا سامنا گروپ ون میں سری لنکا، انگلینڈ، نیوزی لینڈ اور جنوبی افریقہ سے ہوگا۔

ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کا سپر 10 مرحلہ اکیس مارچ سے شروع ہوگا اور اس مرحلے کا آغاز روایتی حریف ٹیموں پاکستان اور بھارت کے درمیان میرپور میں کھیلے گئے میچ سے ہوگا۔

میرپور کا ہی شیرِ بنگلہ سٹیڈیم ٹورنامنٹ کے دونوں سیمی فائنلز اور فائنل کی میزبانی کرے گا۔

پہلا سیمی فائنل تین اور دوسرا سیمی فائنل چار اپریل کو کھیلا جائے گا جبکہ ٹورنامنٹ کے فاتح کا فیصلہ چھ اپریل کو کھیلے جانے والے فائنل میں ہوگا۔

اسی بارے میں