بلے بازوں کو ذمہ داری دکھانی ہوگی: محمد حفیظ

تصویر کے کاپی رائٹ AFP
Image caption پاکستان کی ٹیم میں خود اعتمادی کی کمی نظر آئی

پاکستان کے کپتان محمد حفیظ کا کہنا ہے کہ بھارت کے خلاف شکست کے بعد بیٹسمینوں کو اگلے میچوں میں ذمہ داری سے اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔

پاکستان کو آئی سی سی ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کے سپر مرحلے کے پہلے میچ میں بھارت کے ہاتھوں سات وکٹوں سے شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے ۔

محمد حفیظ کا کہنا ہے کہ ایک شکست سے ٹیم مقابلے سے باہر نہیں ہوئی ہے لیکن اگلے میچوں میں بیٹسمینوں کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔

انھوں نے کہا کہ وہ 150 رنز کی توقع رکھے ہوئے تھے۔ ’عمراکمل اور صہیب مقصود نے امید پیدا کردی تھی کہ ٹیم ایک اچھا سکور کرے گی لیکن دونوں کی شراکت طویل نہ ہو سکی۔‘

انھوں نے کہا کہ پاکستان کی بیٹنگ کے وقت وکٹ آسان نہ تھی اور پاکستانی بیٹنگ اتنی بری نہیں کھیلی۔

محمد حفیظ نے کہا کہ وہ ذہنی طور پر تیار تھے کہ بھارتی ٹیم تین سپنرز کے ساتھ میدان میں اترے گی لیکن مشرا نے بہت ہی عمدہ بولنگ کی۔

انھوں نے کہا کہ ٹرننگ وکٹ اور پاکستانی سپنرز کو ذہن میں رکھتے ہوئے ویسٹ انڈیز اور آسٹریلیا کے خلاف میچز میں صورتحال پاکستانی ٹیم کے حق میں دکھائی دیتی ہے۔

محمد حفیظ نے آئی سی سی ورلڈ کپ اورٹی ٹوئنٹی میں بھارت سے نہ جیتنے کے بارے میں کہا کہ ذہن میں ایسی کوئی بات نہیں ہے ٹیم ہر بار کوشش کرتی ہے لیکن جیت نہیں پاتی۔

واضح رہے کہ پاکستانی ٹیم بھارت کے خلاف ورلڈ کپ میں پانچ بار اور ورلڈ ٹی ٹوئنٹی میں تین بار شکست سے دوچار ہوچکی ہے۔

اسی بارے میں