کرس گیل کا گینگنم سٹائل

تصویر کے کاپی رائٹ AFP
Image caption کرس گیل نےدو سال قبل سری لنکا میں گنگنم ڈانس کر کے دنیا کی توجہ حاصل کی تھی

آئی سی سی ورلڈ ٹی ٹوئنٹی میں ویسٹ انڈیز نے آسٹریلیا کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد آخری اوور میں چھ وکٹوں سے شکست دی تو اس جیت کا جشن منانے والوں میں کرس گیل سب سے نمایاں تھے۔

کرس گیل جنہوں نے اس میچ میں نصف سنچری بنائی ویسٹ انڈین ٹیم کے ڈگ آؤٹ میں خاموشی کے ساتھ کپتان ڈیرن سیمی اور براوو کو بیٹنگ کرتے ہوئے دیکھ رہے تھے اور آخری اوور تک آتے آتے ان کی بے چینی میں اضافہ ہوگیا تھا لیکن جیسے ہی سیمی نے آخری اوور میں دو چھکے لگاکر ویسٹ انڈیز کو جیت سے ہمکنار کیا تو میدان میں دلچسپ منظر دیکھنے میں آیا۔ سیمی نے چھکا لگاتے ہی اپنا بلا وہیں پھینکا اور دوڑ لگا دی اسی طرح براوو نے بھی بلا ہوا میں اچھال دیا۔

کرس گیل جذباتی ہوکر میدان میں داخل ہوگئے اور انہوں نے خوشی کے عالم میں گینگنم رقص شروع کردیا۔

اس دوران تمام ویسٹ انڈین کھلاڑی بھی گراؤنڈ میں آچکے تھے اور وہ سب چیخ چیخ کر اپنی خوشی کا اظہار کررہے تھے۔

کرس گیل نے میدان سے باہر آنے کے بعد ایک بار پھر تماشائیوں کی طرف دیکھتے ہوئے ہاتھ بلند کیے اور دوبارہ گینگنم رقص شروع کردیا۔

تصویر کے کاپی رائٹ AFP
Image caption کرس گیل کا کہنا ہے کہ وہ موڈی ہیں

کرس گیل نے دو سال قبل سری لنکا میں منعقدہ ورلڈ ٹی ٹوئنٹی میں اپنی خوشی کے اظہار کے لیے کورین سنگر پارک جی سینگ کے مقبول گانے کا یہ رقص اپناکر پوری دنیا کی توجہ حاصل کرلی تھی۔ کرس گیل کے اس رقص میں ویسٹ انڈیز کے دیگر کرکٹرز بھی شامل ہوگئے تھے اور جب ویسٹ انڈیز نے ورلڈ ٹی ٹوئنٹی جیتا تھا تو تمام کھلاڑیوں نے میدان میں اور پھر اپنے ہوٹل میں بھرپور انداز میں جشن منایا تھا۔

کرس گیل کا اس موقع پر کہنا تھا کہ وہ موڈی ہیں لہذا خوشی کے اظہار کے لیے وہ اکثر دلچسپ حرکتیں کرگزرتے ہیں۔

ہر کرکٹر کا خوشی منانے کا اپنا طریقہ ہے۔ ایشیز سیریز جیتنے پر انگلینڈ کے سابق آف اسپنر گریم سوآن نے سڈنی گراؤنڈ میں اسپرنکلر ڈانس کرکے مقبولیت حاصل کی تھی۔