سری لنکا اور جنوبی افریقہ کے کپتانوں پر پابندی

تصویر کے کاپی رائٹ gett
Image caption ڈوپلیسی معطلی کے سبب جمعہ کے روز انگلینڈ کے خلاف میچ نہیں کھیل سکیں گے

بنگلہ دیش میں جاری ٹی ٹوئنٹی کے عالمی مقابلوں کے دوران وقت ضائع کرنے کی پاداش میں سری لنکا اور جنوبی افریقہ کی کرکٹ ٹیموں کے کپتانوں پر ایک ایک میچ کی پابندی عائد کر دی گئی ہے۔

سری لنکا کے کپتان دنیش چندی مل اور جنوبی افریقہ کے کپتان ڈوپلیسی کو ’سلو اوور ریٹ‘ یعنی مقررہ مدت میں اوور مکمل نہ کرنے پر معطل کیا گیا ہے

ان دونوں کپتانوں کو ایک سال میں دو مرتبہ سلو اوور ریٹ کی پاداش میں پابندی کا سامنا کرنا پڑا ہے۔

جن میچوں کے لیے یہ کپتان سلو اوور ریٹ کے مرتکب پائے گئے ان میں جنوبی افریقہ کا مقابلہ ہالینڈ سے تھا جبکہ سری لنکا کی ٹیم انگلینڈ کے خلاف مدمقابل تھی ۔

تصویر کے کاپی رائٹ AFP
Image caption ڈوپلیسی اور چندی مل پر میچ فیس کا بیس فیصد جرمانہ بھی عائد کیا گیا ہے

اگر ایک کپتان سال میں دو مرتبہ ایک ہی فارمیٹ میں سلو اوور ریٹ کا مرتکب پایا جائے تو اسے قانون کے مطابق اسی فارمیٹ کے ایک میچ کی معطلی کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔

ڈوپلیسی اسی ٹورنامنٹ میں نیوزی لینڈ کے خلاف بھی سلو اووریٹ کا شکار ہوئے تھے جبکہ چندی مل گزشتہ سال نومبر میں نیوزی لینڈ کے خلاف پالی کلے میں سلو اوور ریٹ کی زد میں آئے تھے۔

ڈوپلیسی اور چندی مل پر میچ فیس کا بیس فیصد جرمانہ بھی عائد کیا گیا ہے جبکہ ان دونوں کی ٹیموں پر دس فیصد جرمانہ کیا گیا ہے۔

ڈوپلیسی اس معطلی کے سبب جمعہ کے روز انگلینڈ کے خلاف میچ نہیں کھیل سکیں گے، جبکہ چندی مل پر معطلی کا اطلاق31 مارچ کو نیوزی لینڈ کے خلاف ہونے والے میچ میں ہوگا۔

اسی بارے میں