ورلڈ ٹی20: سیمی فائنل تک رسائی کے لیے اہم مقابلہ

تصویر کے کاپی رائٹ PA
Image caption انگلینڈ کے الیکس ہیلز نے اس ٹورنا منٹ میں ایک سنچری سکور کی تھی

بنگلہ دیش میں جاری ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کرکٹ مقابلوں میں پیر کو گروپ ون کے دو میچ کھیلے جا رہے ہیں۔

پہلے میچ میں انگلینڈ اور ہالینڈ کی ٹیمیں مدِمقابل ہیں جبکہ دوسرا اور انتہائی اہم میچ سری لنکا اور نیوزی لینڈ کے مابین کھیلا جائے گا۔

پہلا میچ مقامی وقت کے مطابق ساڑھے تین بجے چٹاگانگ کے ظہور احمد چوہدری سٹیڈیم میں کھیلا جائے گا جبکہ دوسرا میچ شام ساڑھے سات بجے شروع ہوگا۔

پیر کو کھیلا جانے والا پہلا میچ انگلینڈ کے لیے صرف اتنی اہمیت کا حامل ہے کہ وہ بغیر کسی مزید ہزیمت کے اس ٹورنامنٹ سے سرخرو لوٹنا چاہے گا جبکہ ہالینڈ کی ٹیم یہ ثابت کرنا چاہے گی کہ وہ بھی بڑی ٹیموں کو چیلنج دے سکتی ہے۔

ہالینڈ کی ٹیم نے جنوبی افریقہ کے خلاف جس طرح کے کھیل کا مظاہرہ کیا تھا اس کے بعد اسے کسی طرح بھی کمزور حریف کے طور پر نہیں لیا جا سکتا ہے۔

اس گروپ سے جنوبی افریقہ کی ٹیم پہلے ہی سیمی فائنل میں جگہ بنا چکی ہے اور دوسری ٹیم کا انتخاب سری لنکا اور نیوزی لینڈ کے درمیان ہونے والے میچ میں ہوگا۔

تصویر کے کاپی رائٹ a
Image caption میکلم کا بلّا چلا تو نیوزی لینڈ کی امیدیں زیادہ ہوں گي

اس ٹورنامنٹ میں سری لنکا اور نیوزی لینڈ دونوں کے چار چار پوائنٹس ہیں اور آج جو ٹیم میچ جیتے گی وہ سیمی فائنل میں جائے گی۔

دونوں ٹیمیں فی الوقت پر اعتماد ہیں اور ابھی تک دونوں نے اچھی کرکٹ کھیلی ہے۔ سری لنکا کی جانب سے ابھی تک کمارا سنگاکارا نے کوئی اچھی اور یادگار اننگز نہیں کھیلی ہے جبکہ ان کے ہم عصر مہیلا جے وردھنے نے گذشتہ میچ میں اپنے فارم کا ثبوت دیا تھا۔

نیوزی لینڈ کی ٹیم میں تمام کھلاڑی اپنے فارم میں نظر آ رہے ہیں لیکن جس دن برینڈن میک کلم کا بلّا چلتا ہے اس دن بازی نیوزی لینڈ کے حق میں ہوتی ہے۔

سری لنکا کی بولنگ میں بہت تنوع ہے اور یہی بات انھیں نیوزی لینڈ پر بظاہر سبقت دلاتی ہے۔

آج کے دونوں میچ اپنے اپنے اعتبار سے جارحانہ ہوں گے کیونکہ ایک میں اچھا کھیل کر الوداع کہنے کی بات ہوگی تو دوسرے میں آگے بڑھنے کی دوڑ۔

اسی بارے میں