ورلڈ ٹی ٹوئنٹی دوسرا سیمی فائنل، سپنرز کا مقابلہ

تصویر کے کاپی رائٹ AFP
Image caption بھارتی بیٹسمین یوراج سنگھ فٹ ہوگئے ہیں اور انہوں نے جمعرات کے روز ٹریننگ سیشن میں بیٹنگ کی

آئی سی سی ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کا دوسرا سیمی فائنل جمعہ کے روز بھارت اور جنوبی افریقہ کے درمیان کھیلا جا رہا ہے۔

بھارتی ٹیم گروپ ٹو کے تمام چاروں میچ جیت کر سیمی فائنل میں پہنچی ہے۔

جنوبی افریقی ٹیم گروپ ون میں چار میں سے تین میچ جیت کر سیمی فائنل میں آئی ہے۔

میرپور کے شیربنگلہ سٹیڈیم میں کھیلے جانے والے اس میچ کو سپنرز کا مقابلہ کہا جا رہا ہے۔

بھارتی ٹیم نے اپنے تمام میچز اسی سٹیڈیم میں کھیلے ہیں اور اس کی جیت میں امیت مشرا اور ایشون نے اہم کردار ادا کیا ہے۔ مشرا نے نو وکٹیں حاصل کی ہیں جبکہ ایشون کی وکٹوں کی تعداد سات ہے اور یہ دونوں مسلسل دو دو میچوں میں مین آف دی میچ رہے ہیں۔

جنوبی افریقہ کی ٹیم نےسیمی فائنل سے قبل تمام میچز چٹاگانگ میں کھیلے ہیں جن میں لیگ سپنر عمران طاہر اور فاسٹ بالر ڈیل اسٹین نو نو وکٹیں حاصل کرکے نمایاں رہے ہیں۔

بھارتی بیٹسمین یوراج سنگھ فٹ ہوگئے ہیں اور انھوں نے جمعرات کے روز ٹریننگ سیشن میں بیٹنگ کی۔ ٹیم کی گزشتہ ٹریننگ کے دوران ننگے پیر فٹبال کھیلتے ہوئے ان کے ٹخنے میں تکلیف ہوگئی تھی۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ دونوں ٹیموں کا یہ دوسرا ورلڈ ٹی ٹوئنٹی سیمی فائنل ہے۔ بھارت نے دو ہزار سات میں سیمی فائنل سے فائنل تک کا سفر کیا اور پہلا ورلڈ ٹی ٹوئنٹی جیتا تھا لیکن اس کے بعد سے یہ پہلا موقع ہے کہ بھارتی ٹیم ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کے سیمی فائنل میں آئی ہے۔

جنوبی افریقی ٹیم جو بڑے ٹورنامنٹ کے فیصلہ کن مرحلے میں ہارنے کی وجہ سے چوکر کے نام سے مشہور ہے دو ہزار نو کا سیمی فائنل کھیلی تھی جس میں اسے پاکستان نے ہرادیا تھا۔

اسی بارے میں