ابوظہبی میں آج سے آئی پی ایل سیزن سات کا آغاز

تصویر کے کاپی رائٹ PTI
Image caption ممبئی انڈینس کی قیادت روہت شرما کر رہے ہیں

انڈین پریمیئر لیگ یعنی آئی پی ایل کے سیزن -7 کا آغاز بدھ سے متحدہ عرب امارات کے شہر ابوظہبی میں ہو رہا ہے۔

بھارت میں پارلیمانی انتخابات کے سبب آئی پی ایل کا پہلا مرحلہ متحدہ عرب امارات میں منعقد ہو رہا ہے۔

پہلے مرحلے کے مقابلے ابوظہبی، شارجہ اور دبئی میں کھیلے جائیں گے۔

سیزن سات کے مقابلوں کا آغاز ابو ظہبی میں سابق آئي پی ایل کی فاتح ممبئی انڈیئنز اور کولکتہ نائٹ رائڈرز کے درمیان کھیلے جانے والے میچ سے ہو رہا ہے۔ یہ میچ مقامی وقت کے مطابق شام ساڑھے چھ بجے شروع ہوگا۔

دونوں ٹیموں میں دو دو سٹار سپن بولرز ہیں۔ جہاں ممبئي انڈیئنز میں ہربھجن سنگھ اور پرگیان اوجھا ہیں تو وہیں کولکتہ نائٹ رائڈرز ویسٹ انڈیز کے سپنر سنیل ناراین اور پیوش چاولہ پر بھروسہ کر رہی ہے۔

اگر ممبئی میں اس بار مائیکل ہسی ہیں تو وہیں کولکتہ کی ٹیم میں ژاک کیلس پر اعتماد کیا جا رہا ہے۔

تصویر کے کاپی رائٹ AFP
Image caption مائیکل ہسی اس بار چینّئی کے بجائے ممبئي انڈینس کی جانب سے کھیل رہے ہیں

واضح رہے کہ آئی پی ایل سیزن سات کی شروعات مختلف قسم کے تنازعات کے درمیان ہو رہی ہے۔ آئی پی ایل کی دو اہم ٹیمیں چینّئی سپر کنگز اور راجستھان رائلز کے ٹورنامنٹ میں شامل ہونے پر سوالیہ نشان لگ گئے تھے۔

اس کے پس پشت دونوں ٹیموں کے مالکان اور کھلاڑیوں پر سٹے بازی اور میچ کے متعلق معلومات فراہم کرنے کے سنگین الزام لگے تھے۔

ابھی یہ معاملہ عدالت میں ہے اور آئی پی ایل کی تمام ٹیمیں اس ٹورنامنٹ کو جیتنے کے لیے کمر بستہ ہیں۔

آئی پی ایل میں ممبئی انڈینس اور کولکتہ نائٹ رائڈرز کے علاوہ باقی ٹیموں میں وراٹ کوہلی کی کپتانی میں رایل چیلنجرز (بنگلور ، شکھر دھون کی قیادت میں سنرا‏ئزرس (حیدرآباد)، بھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان مہندر سنگھ دھونی کی قیادت میں چینّئی سپر کنگز، انگلینڈ کے سابق سٹار بلے باز کیون پیٹرسن کی قیادت میں دہلی ڈیئر ڈیولز، آسٹریلوی کھلاڑی جارج بیلی کی کپتانی میں کنگز الیون (پنجاب) اور آسٹریلوی آل راؤنڈر شین واٹسن کی قیادت میں ٹیم راجستھان رائلز شامل ہیں۔

ممبئی انڈیئنز کی قیادت روہت شرما کر رہے ہیں جبکہ کولکتہ نائٹ رائڈرز کی قیادت بھارت کے سابق اوپنر گوتم گمبھیر کے ہاتھوں میں ہے۔

تصویر کے کاپی رائٹ AFP
Image caption ژاک کالس پر بھی کرکٹ شائقین کی نگاہیں مرکوز ہوں گي

آئی پی ایل میں ابھی تک صرف چینّئی سپر کنگز ہی واحد ایسی ٹیم ہے جس نے اپنا کپتان نہیں بدلا ہے۔ مہندر سنگھ دھونی اس بار بھی ٹیم کی قیادت کر رہے ہیں جبکہ باقی تمام ٹیموں کے کپتان بدلے گئے ہیں۔

واضح رہے کہ اس آئي پی ایل میں بہت سے سٹار کھلاڑی نہیں اس بار نظر نہیں آئیں گے۔ ان میں بھارت کے سابق عظیم بلے باز سچن، راہل دراوڈ، سری لنکا کے وکٹ کیپر بلے باز کمارا سنگاکارا اور مہیلا جے وردھنے ، آسٹریلیا کے سابق کپتان رکی پونٹنگ کا نام شامل ہے۔

متحدہ عرب امارات میں 30 اپریل تک پہلے مرحلے کے مقابلے ہوں گے اس کے بعد دو مئی سے آئی پی ایل بھارت لوٹ آئے گا۔

اسی بارے میں