میکسویل اور ملر کی جارحانہ بیٹنگ، کنگز الیون پنجاب کی فتح

تصویر کے کاپی رائٹ PTI
Image caption میکسویل نے ٹونارمنٹ میں لگاتار دوسری نصف سنچری بنائی

انڈین پریمیئر لیگ کے ساتویں سیزن کے ساتویں میچ میں کنگز الیون پنجاب نے گلین میکسویل اور ڈیوڈ ملر کی جارحانہ بلے بازی کی بدولت راجستھان رائلز کو سات وکٹوں سے شکست دے دی ہے۔

کنگز الیون پنجاب کے کپتان ڈیوڈ بیلی نے شارجہ میں کھیلے گئے اس میچ میں ٹاس جیت کر راجستھان کی ٹیم کو بیٹنگ کی دعوت دی تھی۔

راجستھان رائلز کی ٹیم نے مقررہ بیس اوورز میں کپتان شین واٹسن اور سنجو سیمسن کی نصف سنچریوں کی بدولت پانچ وکٹوں کے نقصان پر 191 رنز بنائے۔

اس کے جواب میں پنجاب کی ٹیم نے تین وکٹوں کے نقصان پر 19ویں اوور کی چوتھی گیند پر یہ ہدف حاصل کر لیا۔

کنگز الیون کی طرف سے گلین میکسویل نے ایک بار پھر شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کیا۔ انہوں نے چار چوکوں اور چھ چھکّوں کی مدد سے 45 گیندوں پر 89 رن سکور کیے۔

یہ ٹونارمنٹ میں ان کی لگاتار دوسری نصف سنچری تھی اور وہ اب اس ٹورنامنٹ میں سب سے زیادہ رن بنانے والے بلے باز بن گئے ہیں۔

تاہم کنگز الیون پنجاب کی فتح میں اہم ترین کردار ڈیوڈ ملر کا رہا جو میکسویل کے آؤٹ ہونے کے بعد میدان میں آئے اور جارحانہ بلے بازی کا مظاہرہ کیا۔

ملر نے چھ چھکّوں کی مدد سے 19 گیندوں پر 51 رن بنا کر ٹیم کو فتح دلوائی اور وہ آخر تک آؤٹ نہیں ہوئے۔

یہ اس ٹورنامنٹ میں کنگز الیون پنجاب کی لگاتار دوسری فتح ہے اور راجستھان رائلز کی پہلی شکست ہے۔

اسی بارے میں