چنّئی سپر کنگز، سن رائزرز حیدرآباد فاتح

تصویر کے کاپی رائٹ PTI
Image caption چنّئی سپر کنگز نے اپنا میچ سات وکٹوں سے جیتا

انڈین پریمیئر لیگ کے رواں سیزن میں جمعے کے روز دبئی میں کھیلےگئے دو میچوں میں سن رائزرز حیدرآباد اور چنّئی سپر کنگز نے فتح حاصل کی۔

پہلے میچ میں سن رائزر حیدرآباد نے ڈیلی ڈيئر ڈیولز کو چار رنز سے شکست دی اور دوسرے میں چينیئی سپر کنگز نے ممبئی انڈینز کو سات وکٹوں سے ہرا دیا۔

پہلے میچ میں حیدرآباد کی ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ 20 اوور میں ایک وکٹ کے نقصان پر 184 رن سکور کیے۔

ڈیلی ڈيئر ڈیویلز نے 185 رن کے تعاقب میں بہترین شروعات کی اور اوپننگ بلے باز مرلی وجے اور کوئنٹن ڈی کاک کے درمیان 99 رنوں کی شراکت ہوئی۔

لیکن آخری مرحلے میں جب رنز کی رفتار تیز ہونی تھی اس وقت ڈیل سٹین نے شاندار باؤلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے دو وکٹیں لیں اور پانسہ پلٹ دیا۔

دہلی کی ٹیم 20 اوور میں چار وکٹ کے نقصان پر 180 رن بنا سکی اور اس طرح اسے چار رن سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

حیدر آباد کے بلے باز آرون فنچ اور ڈیوڈ وارنر نے بہترین بلے بازی کی۔ فنچ نے آٹھ چوکوں اور چار چھکّوں کی مدد سے 53 گيندوں پر 88 رن بنائے۔ انہیں مین آف دی میچ کا خطاب ملا۔

آئی پی ایل کے اس سیزن میں حیدرآباد کی یہ پہلی جیت ہے۔

دوسرے میچ میں ممبئی نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ 20 اوور میں سات وکٹ کے نقصان پر 141 رن بنائے۔ اس میں ممبئی کے کپتان روہت شرما کے 41 گیندوں پر 50 رن شامل ہیں۔

چنّئی کی ٹیم نے 142 رن کا ہدف بریڈین میکلّم کی شاندار بلے بازی کی بدولت آ‎سانی سے تین وکٹ کے نقصان پر 19 اوور میں ہی حاصل کر لیا۔

بریڈن میکلّم نے 53 گیندوں پر 71 رن بنائے اور وہ آخر تک آؤٹ نہیں ہوئے۔

چنّئی کے گيند باز موہت شرما نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کیا اور چودہ رن دیکر چار وکٹیں حاصل کیں۔ انہیں اس میچ میں مین آف دی میچ کے خطاب سے نوازہ گيا۔

چنّئی ٹیم کی اس سیزن میں یہ مستقل تیسری کامیابی ہے۔

اسی بارے میں