آئی پی ایل: راجھستان رائلز اور کنگز الیون پنجاب فاتح

تصویر کے کاپی رائٹ BBC World Service
Image caption کنگز الیون پنجاب کی اس ٹورنامنٹ میں یہ مسلسل چوتھی کامیابی ہے

انڈین پریمیئر لیگ کے ساتویں سیزن میں سنیچر کو کھیلےگئے ایک میچ میں راجھستان رائلز نے رائل چیلنجرز بنگلور کو جب کہ دوسرے میچ میں کنگز الیون پنجاب نے کولکتہ نائٹ رائیڈرز کو ہرا دیا۔

پہلے میچ میں راجھستان رائلز نے رائل چیلنجرز بنگلور کے خلاف چھ وکٹوں سے فتح حاصل کی جب کہ دوسرے میچ میں کولکتہ نائٹ رائیڈرز کو پنجاب کے ہاتھوں 23 رنز شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

ابو ظہبی میں کھیلے جانے والے پہلے میچ میں رائل چيلینجرز بنگلور نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے راجھستان کو جیت کے لیے 71 رنز کا ہدف دیا جو اس نے چار وکٹ کے نقصان پر 13 ویں اوور میں حاصل کر لیا۔

ابو ظہبی میں کھیلے گئے پہلے میچ میں راجھستان رائلز نے ٹاس جیت کر رائل چيلینجرز بنگلور کو بیٹنگ کی دعوت دی۔

راجھستان رائلز کے بولروں نے عمدہ بولنگ کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے رائل چيلنجر بنگور کی پوری ٹیم کو 15 اوور میں 70 رنز پر آؤٹ کر دیا۔

راجھستان رائلز کی فتح میں اہم کردار ان کے بولر پروین تامبے نے ادا کیا۔ انھوں نے 20 رنر دے کر چار وکٹیں حاصل کیں۔

راجھستان رائلز کی جانب سے اجنکیا رہانے نے 23 اور کپتان شین واٹسن نے 24 رنز بنائے۔

راجھستان رائلز کے بولر پروین تامبے کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

ابو ظہبی میں کھیلے جانے والے دوسرے میچ میں کولکتہ نائٹ رائیڈرز نے ٹاس جیت کر کنگز الیون پنجاب کو بیٹنگ کی دعوت دی۔

کنگز الیون پنجاب نے مقررہ 20 اوورز میں نو وکٹ کے نقصان پر 132 رنز بنائے۔

کولکتہ نائٹ رائیڈرز کو فتح کے لیے 133 رنز درکار تھے تاہم کنگز الیون پنجاب کی نپی تلی بولنگ کے سامنے کولکتہ نائٹ رائیڈرز کے کھلاڑی بے بس دکھائی دیے۔

کولکتہ نائٹ رائیڈرز کی پوری ٹیم 19.2 اوورز میں 109 رن بنا کر پویلین لوٹ گئی۔

کنگز الیون پنجاب کی جانب سے وریندر سہواگ نے 37 رنز بنائے تاہم اس کی جیت میں اہم کردار بولر سندیپ شرما نے ادا کیا جنھوں نے 21 رنز کے عوض تین وکٹیں حاصل کیں۔

سندیپ شرما کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

کنگز الیون پنجاب کی اس ٹورنامنٹ میں یہ مسلسل چوتھی کامیابی ہے۔

اسی بارے میں