چیلسی کے نائب کوچ پر چھ میچوں کی پابندی

تصویر کے کاپی رائٹ Reuters
Image caption چیلسی یہ میچ سندرلینڈ سے دو ایک سے ہار گیا تھا

برطانوی فٹ بال کلب چیلسی کے نائب کوچ روئی فاریا پر پریمیئر لیگ کی گورننگ باڈی نے چھ میچوں کے لیے پابندی عائد کر دی ہے۔

چیلسی کے نائب کوچ پر یہ پابندی 19 اپریل کو سندرلینڈ کے خلاف میچ کے دوران ریفری کے ساتھ الجھنے کی وجہ سے عائد کی گئی ہے۔

یاد رہے کہ چیلسی یہ میچ سندرلینڈ سے دو ایک سے ہار گیا تھا۔

پورتگال سے تعلق رکھنے والے چیلسی کے نائب کوچ کو اس وقت ان کی ٹیم کے ممبران کو روکنا پڑا جب وہ میچ ریفری سے الجھ پڑے۔ ان کے الجھنے کی وجہ وہ پنلٹی تھا جس کی وجہ سے چیلسی یہ میچ ایک گول سے ہار گیا۔

فاریا کو بعد میں گراؤنڈ سے بھیج دیا گیا۔ انہوں نے میچ کے بعد ان پر لگے دو الزامات کو تسلیم کیا۔ فاریا اس پابندی کے خلاف اپیل کر سکتے ہیں۔ فاریا پر تیس ہزار پاؤنڈ جرمانہ بھی کیا گیا ہے۔

چیلسی کے نائب کوچ پر پابندی کا مطلب یہ ہے کہ وہ اس سیزن کے آخری دو اور اگلے سیزن کے چار پہلے میچوں میں شامل نہیں ہو سکیں گے۔

دوسری جانب چیلسی کے مینیجر نے اپنے آپ پر لگائے گئے دو الزامات کو چیلنج کیا ہے۔ انہوں نے سندرلینڈ کے ہاتھوں شکست کے بعد ریفری مائیک ڈین اور پریمیئر لیگ کی ریفری باڈی کے سربراہ مائیک رائلی کو مبارک باد دی تھی۔

اسی بارے میں