چینئی سپر کنگز کی مسلسل پانچویں جیت

تصویر کے کاپی رائٹ PTI
Image caption اس سیزن میں کولکتہ کی جہاں یہ چوتھی شکست ہے وہیں چینئي سپر کنگز کی مستقل پانچویں جیت ہے

آئی پی ایل کے ساتویں سیزن میں جمعہ کو کھیلے گئے ایک میچ میں چینئی سپر کنگز نے کولکتہ نائٹ رائیڈرز کو 34 رنز سے شکست دی۔

کولکتہ نائٹ رائیڈرز کو جیتنے کے لیے مقررہ ستّرہ اوور میں 149 رنز درکار تھے لیکن اس کی ٹیم نو وکٹ کے نقصان پر 114 رن ہی بنا سکی۔

کولکتہ نائٹ رائیڈرز کی شروعات اچھی نہیں رہی اور پھر وقفے وقفے سے اس کی وکٹیں گرتی رہیں۔

اس سیزن میں کولکتہ کی جہاں یہ چوتھی شکست ہے وہیں چینئي سپر کنگز کی مستقل پانچویں جیت ہے۔

بھارتی شہر رانچی میں بارش کے سبب میچ تاخیر سے شروع ہوا اور وقت کی کمی کے سبب میچ ستّرہ اوور کا کر دیا گيا۔

چينئی سپر کنگز کے کپتان مہندر سنگھ دھونی نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ سترہ اوور میں ٹیم نے تین وکٹ کے نقصان پر 148 رن سکور کیے۔

چینئی سپر کنگز کے بلے باز بریڈن میکّلم نے شاندار بلے بازی کرتے ہوئے 40 گیندوں پر 56 رن بنائے۔ انہوں نے اپنی اننگ میں پانچ چوکے اور دو چھکّے لگائے۔

سریش رائنا نے بھی چار چوکے اور ایک چھکّے کی مدد سے 25 گیندوں پر 31 رن بنائے۔

لیکن چینئی سپر کنگز کی جیت میں بولر روندر جدیجہ کا کردار اہم رہا۔ اس میچ میں انہوں نے بہترین بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے بارہ رنز کے عوض چا اہم وکٹیں حاصل کیں۔

جدیجہ کو مین آف دی میچ کے اعزاز سے نوازہ گيا۔

کولکتہ ٹیم کے وکٹ کیپر بلے باز رابن اتھپّا اور یوسف پٹھان نے اچھی بیٹنگ کی لیکن باقی بلے باز نا کام رہے۔

اتھپّا نے چار چوکے اور ایک چھکّے کی مدد سے 38 گیندوں پر47 رن سکور کیے جبکہ پٹھان نے چار چھکّوں اور ایک چوکے کی مدد سے 29 گیندوں پر 41 رن بنائے۔

انڈین پریمیئر لیگ کے ساتویں سیزن کے ابتدائی بیس میچ سولہ سے تیس اپریل کے درمیان دبئی، شارجہ اور ابو ظہبی میں کھیلےگئے۔

اس سیزن کے باقی کے تمام میچ اب بھارت کے مختلف شہروں میں کھیلے جائیں گے۔

اسی بارے میں