آئی پی ایل، حیدرآباد کے خلاف بنگلور کی فتح

تصویر کے کاپی رائٹ PTI
Image caption رائل چیلینجرز بنگلور کو جیت کے لیے 156 رن کا ہدف ملا تھا جو اس نے 19.5 اوور میں حاصل کیا

انڈین پریمیئر لیگ کے حالیہ سیزن میں اتوار کو کھیلےگئے ایک سنسنی خيز مقابلے میں رائل چيلنجرز بنگلور نے سن رائزر حیدرآباد کو چار وکٹ سے شکست دی۔

رائل چیلنجرز بنگلور کو یہ کامیابی بلے باز اے بی ڈيویلیئرز کی جارحانہ بیٹنگ کی بدولت ملی جنہوں نے میچ کے نازک موڑ پر محض 41 گیندوں پر 89 رن سکور کیے۔

ایک ایسے وقت میں جب بنگلور کی ٹیم کے ابتدائی بلے باز ناکام ثابت ہوئے اور دس اوور کے بعد جیتنے کے لیے دس کی اوسط سے رن درکار تھے، اے بی ڈیولیئرز نے یہ کارنامہ انجام دیا۔

انہوں نے چھ چوکے اور آٹھ چھکّوں کی مدد سے ٹیم کو فتح سے ہمکنار کیا اور آخر تک آؤٹ بھی نہیں ہوئے۔ انہیں میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

رائل چیلینجرز بنگلور کو جیت کے لیے 156 رن کا ہدف ملا تھا جو اس نے 19.5 اوور میں حاصل کیا۔

بنگلور کے بلے باز کرس گیل نے تین چوکے اور دوچھکوں کی مدد سے 19 بالز پر 27 رن بنا کر اچھی بیٹنگ کا مظاہرہ کیا۔ لیکن پارتھیو پٹیل کو جہاں تین رن پر ہی پویلین واپس ہونا پڑا وہیں کپتان وراٹ کوہلی بغیر کوئی رن بنائے ہی آؤٹ ہوگئے۔

یواراج سنگھ کے چودہ رن پر آؤٹ ہونے کے بعد ساری امیدیں ڈیویلیئرز سے ہی وابستہ تھیں اور انہوں نے میچ کے بیسویں اوور کی پانچویں گیند پرچوکا لگا کر جیت دلائی۔

یہ میچ رائل چیلینجرز بنگلور کے ہوم گراؤنڈ بنگلورو میں کھیلا گیا اور ٹیم کے کپتان وراٹ کوہلی نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔

سن رائزر حیدرآباد نے پہلے بیٹگ کرتے ہوئے مقررہ بیس اوور میں چھ وکٹ کے نقصان پر 155 رن سکور کیے۔

حیدرآباد کی طرف سے کپتان شیکھر دھون نے 36 بالز پر 37 رن بنائے اور دیوڈ وارنر نے چار چوکوں اور تین چھکوں کی مدد سے 49 گیندوں پر 61 رن سکور کیے۔

اسی بارے میں