لیور پول کا پریمیئر لیگ جیتنے کا خواب چکناچور

تصویر کے کاپی رائٹ Getty
Image caption ’اس سیزن میں لورپول کی کارکردگی بہت متاثر کن رہی ہے اور مجھے اس پہ فخر ہے‘

برطانوی فٹبال کلب لیور پول کے مینیجر برینڈن روجرز نے کہا ہے کہ ان کی ٹیم کے انگلش پریمیئر لیگ جیتنے کی اْمیدیں ختم ہوگئی ہیں۔

روجرز نے کرسٹل پیلس کے ساتھ ہونے والے میچ کے برابری پر اختتام کو اس کی وجہ قرار دیا۔

یاد رہے کہ پیر کو کھیلے جانے والے میچ میں لیور پول کو پہلے تین گول کی برتری حاصل تھی لیکن بعد ازاں کرسٹل پیلس نے میچ میں واپسی کی اور نہ صرف میچ برابر کیا بلکہ پریمیئر لیگ پوائنٹس ٹیبل پر پہلے نمبر پر براجمان لیور پول کے لیگ جیتنے کے اِمکان بھی تقریباً ختم کر دیے۔

برینڈن روجرز نے کہا کہ ’ 78 منٹ تک ہماری کارکردگی عمدہ تھی اور ہمیں ایسا لگ رہا تھا کہ ہم کچھ اور گول کرنے میں کامیاب ہو جائیں گے لیکن ہم ایسا نہیں کر پائے‘۔

واضح رہے کہ لیور پول کو پریمیئر لیگ جیتنے کے لیے اپنے بقیہ تمام دو میچوں میں کامیابی حاصل کرنا ضروری تھی۔

تصویر کے کاپی رائٹ AP
Image caption لیورپول کے سواریز میچ کے اختتام پر آب دیدہ نظر آئے

اس وقت اگرچہ لیورپول پوائنٹس ٹیبل پر سرفہرست ہے لیکن دوسرے نمبر پر موجود مانچسٹر سٹی سے ان کا فرق صرف ایک پوائنٹ کا ہے جبکہ مانچسٹر سٹی نے ان سے ایک میچ کم کھیلا ہے اور ان کا گول تناسب لیور پول سے بہتر ہے۔

24 سال سے پریمیئر لیگ جیتنے کی امید رکھنے والی لیور پول اگر کرسٹل پیلس کے خلاف میچ 0-3 سے جیت جاتی تو اس کا گول تناسب نہ صرف مانچسٹر سٹی سے بہتر ہوجاتا بلکہ اس کے لیگ جیتنے کے امکانات بھی روشن ہو جاتے۔

برینڈن روجرز نے کہا کہ ’ہمیں یہ میچ جیتنے کی ضرورت تھی لیکن ہم ایسا کرنے میں ناکام رہے۔ اب اس میں کوئی شک نہیں کہ مانچسٹر سٹی اب چیمپیئن شپ جیت جائے گی۔‘

2009 کے بعد کسی بھی بڑی لیگ میں لیور پول کی یہ سب سے بہتر کارکردگی ہے۔ روجرز نے ٹیم کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ ’اس سیزن میں لیورپول کی کارکردگی بہت متاثر کن رہی ہے اور مجھے اس پہ فخر ہے، امید ہے کے اگلے سال ہماری کارکردگی اس سے بھی بہتر ہوگی۔‘

اسی بارے میں