آئی پی ایل: کولکتہ اور پنجاب فاتح

تصویر کے کاپی رائٹ PTI
Image caption ۔ گلین مکیسویل نے ایک بار پھر جارحانہ بیٹنگ کی اور صرف 38 بال پر ہی چھ چوکے اور آٹھ چھکّوں کی مدد سے 90 رن سکور کیے

انڈین پریمیئر لیگ کے ساتویں سیزن میں بدھ کو کھیلے گئے ایک میچ میں کولکتہ نائٹ رائڈرز نے دہلی ڈیئر ڈیولز کو اور دوسرے میں کنگز الیون پنجاب نے چینئی سپر کنگز کو شکست دی۔

پہلے میچ میں کولکتہ نائٹ رائڈرز نے دہلی ڈیئر ڈیولز کو آٹھ وکٹوں سے ہرایا اور دوسرے میں کنگز الیون پنجاب نے چینئی سپر کنگز کے خلاف 44 رنز سے فتح حاصل کی۔

پہلا میچ دہلی کے فیروز شاہ کوٹلہ گرانڈ پر ہوا جس میں کولکتہ کی ٹیم کو جیتنے کے لیے مقررہ 20 اوور میں 161 رن درکار تھے۔

کولکتہ نائٹ رائڈرز کے بلے بازوں نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے اس ہدف کو 19ویں کی دوسری گیند پر دو وکٹ کے نقصان پر ہی حاصل کر لیا۔

کپتان گوتم گمبھیر نے 56 بالز پر 69 رن اور رابن اتھپّا نے 34 پر47 رن سکور کیے۔ دونوں میں سو رن کی شراکت ہوئی۔ منیش پانڈے بھی 14 گیندوں پر 23 رن بنا کر نمایاں رہے۔

اس سے قبل دہلی ڈیئر ڈیولز نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹگ کرتے ہوئے پانچ وکٹ کے نقصان پر 160 رن بنائے۔

دہلی کے وکٹ کیپر دنیش کارتک نے 22 بالز پر 36، جے پی ڈومنی نے 28 بالز پر 40 اور کیدار جادھو نے 15 گیندوں پر 26 رن سکور کیے۔

دوسرا ہائی وولٹیج میچ کٹک میں چينئی سپر کنگز اور کنگز الیون پنجاب کے درمیان میں کھیلا گیا۔

چینئی نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا اور پنجاب کو بیٹنگ کی دعوت دی۔

کنگز الیون پنجاب کی ٹیم نے زبردست بیٹنگ کا مظاہرہ کیا۔ گلین مکیسویل نے ایک بار پھر جارحانہ بیٹنگ کی اور صرف 38 بال پر ہی چھ چوکے اور آٹھ چھکّوں کی مدد سے 90 رن سکور کیے۔

ڈیوڈ ملر نے بھی 32 بالز پر 40 رنوں کی شاندار اننگ کھیلی لیکن کپتان جارج بیئلی کا آج خوب بلاّ چلا اور انھوں نے آخری اووروں میں 13 گيندوں پر چھ چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے 40 رن بنا ڈالے۔

پنجاب کی ٹیم نے چار وکٹ کے نقصان پر 231 رن سکور کیے اور چينئی کے لیے ایک بڑا ہدف مقررہ کیا جسے وہ حاصل کرنے میں ناکام رہی۔

چينئی کی ٹیم مقررہ 20 اوور میں چھ وکٹ کے نقصان پر 187 رن ہی بنا سکی۔ بریڈن میکلّم نے 33، سریش رائنا نے 35، ڈوپلیسس نے 52 اورکپتان دھونی نے 23 رن سکور کیے۔

آئی پی ایل کے اس سیزن میں پنجاب اور چینئی کی ٹیمیں جیتنے میں سب سے آگے ہیں۔ پنجاب کی ٹیم اب تک صرف ایک میچ ممبئی ہاری ہے جبکہ چینئی کو صرف پنجاب کی ٹیم نے دو بار شکست دی ہے۔

اسی بارے میں