آئي پی ایل، کولکتہ اور راجستھان کی جیت

تصویر کے کاپی رائٹ BBC World Service
Image caption کولکاتہ نائٹ رائڈڑز نے کنگز الیون پنجاب کو نو وکٹوں سے ہرایا

انڈین پریمیئر لیگ کے موجودہ سیزن میں اتوار کو کولکاتہ نائٹ رائڈرز نے کنگز الیون پنجاب کو اور راجستھان رائلز نے رائل چیلنجرز بنگلور کو شکست دی۔

پہلے میچ میں کولکاتہ نائٹ رائڈرز نے کنگز الیون پنجاب کو نو وکٹوں سے ہرایا جبکہ دوسرے میں راجستھان رائلز نے بنگلور کے خلاف پانچ وکٹوں سے کامیابی حاصل کی۔

کولکاتہ نائٹ رائڈرز کو جیتنے کے لیے 150 رن کا ہدف ملا تھا جسے اس نے ایک وکٹ کے نقصان پر اٹھارہ اوور میں ہی آسانی سے حاصل کر لیا۔

کولکاتہ کی طرف سےگوتم گمبھیر نے 45 گیندوں پر 63 رنز اور رابن اتھپّا نے 28 بالز پر46 رنز بنا کر جیت میں اہم کردار ادا کیا۔گوتم گمبھیر کو مین آف دی میچ کا خطاب ملا۔

کٹک میں کھیلے گئے میچ میں کولکاتہ نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا اور کنگز الیون پنجاب نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ بیس اوور میں آٹھ وکٹ کے نقصان پر 149 رن سکور کیے۔

پنجاب کی طرف سے وریندر سہواگ نے 50 بالز پر 72 رن سکور کیے لیکن دیگر بلے بازوں کے ساتھ اچھی شراکت نہیں ہو پائی۔

کولکاتہ کے گیند باز پیوش چاولہ نے اچھی باؤلنگ کی اور انھوں نے انیس رنز کے عوض تین اہم کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

دوسرا میچ بنگلور میں کھیلا گيا جس میں راجستھان رائلز نے رائل چیلینجرز بنگلور کو شکست دی۔ راجستھان رائلز کو جیتنے کے لیے 191 رن درکار تھے جو اس نے انیسویں اوور میں ہی حاصل کر لیا۔

راجستھان کی طرف سے کرن نائر 39 بالز پر 56، سٹیون سمتھ نے 21 پر 48 اور جیمز فاکنر نے 17 گیندوں پر 41 رن سکور کر کے نمایاں رہے۔

جیمز فاکنر نے نازک موقع پر جارحانہ بیٹنگ کی اور کامیابی کا راستہ ہموار کیا اس لیے انھیں مین آف دی میچ کے اعزاز سے نوازہ گیا۔

اس سے قبل بنگور نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ بیس اوور میں پانچ وکٹوں کے نقصان پر 190 رن بنائے۔

اس میں یوا راج سنگھ اور اے بی ڈیویلیئرز کی نصف سنچریاں شامل ہیں۔ یوا راج نے سات چوکے اور سات چھکّوں کی مدد سے 38 بالز پر 83 رن سکور کیے جبکہ ڈیویلیئرز نے پانچ چھکّے اور ایک چوکے کی مدد سے 32 بالز پر 58 رن بنائے۔

یوا راج سنگھ نے چار وکٹیں بھی حاصل کیں تاہم آخر میں میچ بنگلور کی گرفت سے نکل گیا اور راجستھان نے جیت لیا۔

اسی بارے میں