ورلڈ کپ: انگلش ٹیم کا اعلان، نوجوانوں کو ترجیح

تصویر کے کاپی رائٹ Getty
Image caption تجربہ کار مڈ فیلڈر سٹیو جیراڈ ٹیم کی قیادت کریں گے

انگلینڈ کے کوچ روئے ہوجسن نے جون میں برازیل میں ہونے والے فیفا فٹ بال ورلڈ کپ کے لیے 23 رکنی انگلش ٹیم کا اعلان کر دیا ہے جس میں نوجوان کھلاڑیوں کی بڑی تعداد کو شامل کیاگیا ہے۔

انگلش ٹیم کی کپتانی تجربہ کار کھلاڑی سٹیون جیراڈ کریں گے۔

انگلش کوچ روئے ہوجسن نے ٹیم میں آٹھ ایسے کھلاڑیوں کو شامل کیا ہے جن کی عمریں 24 سال سے کم ہیں اور وہ پہلی مرتبہ ورلڈ کپ میں شریک ہوں گے۔

نوجوان راس بارکلے کے علاوہ جن نئے کھلاڑیوں کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے ان میں ساؤتھمپٹن کلب کے رکی لیمبرٹ، ایڈم لیلانا، اور لیوک شاہ ہیں۔

رائے ہوجسن نے تجربہ کار دفاعی کھلاڑی ایشلی کول اور مائیکل کیرک کو ٹیم میں شامل نہیں کیا اور اس کی جگہ ایورٹن فٹ بال کلب کے 20 سالہ کھلاڑی راس بارکلے کو جگہ دی ہے۔ ایشلی کول نے ورلڈ کپ سکواڈ میں جگہ نہ ملنے پر انٹرنیشنل فٹ بال سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا ہے۔

انگلینڈ کے سابق کپتان جان ٹیری اور ریو فرڈینینڈ پہلے ہی انٹرنیشنل فٹ بال سے ریٹائر ہو چکے ہیں۔ البتہ دونوں کھلاڑی اپنے کلبوں کی طرف سے کھیلتے ہیں۔

انگلینڈ کی ٹیم ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہو گی:

گول کیپر:

تصویر کے کاپی رائٹ Getty
Image caption مشہورگول کیپر جوہارٹ انگلش گول کی نگرانی کریں گے

جو ہارٹ، بین فوسٹر، اور فریزر فورسٹر۔

سٹرائکر:

وین رونی، ڈینیئل سٹریج، ڈینی ویلبیک اور رکی لیمبرٹ۔

تصویر کے کاپی رائٹ Getty
Image caption انگلش ٹیم کی کامیابی کا دارومدار وائن رونی کی کارکردگی پر ہو گا

مڈفیلڈر:

سٹیون جیراڈ (کپتان)، راس بارکلے، جارڈن ہینڈرسن، ایڈم لیلانا، فرینک لیمپارڈ، جیمز ملنر، اور ایلکس اوکسلیڈ چیمبرلین، رحیم سٹرلنگ اور جیک ولشر۔

دفاعی کھلاڑی:

گیری کے ہل، لائٹن بینز، فل جیگی ایلکا، گلین جانسن، فل جونز، لیوک شاہ، کرس سمالنگ۔

روئے ہوجسن نے کہا ٹیم کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ بعض فیصلے انتہائی مشکل تھے لیکن انھیں امید کہ انگلش ٹیم ورلڈ کپ میں اچھے کھیل کا مظاہرہ کرے گی اور اپنے ہم وطنوں کو مایوس نہیں کرے گی۔

روئے ہوجسن نے سکواڈ کا اعلان کرتے ہوئے کہا خود سے سوال کیا اور پھر اس کا جواب دیا:’ کیا مجھے یقین ہے کہ انگلینڈ کی موجودہ ٹیم ورلڈ کپ جیت سکتی ہے۔ جی ہاں مجھے یقین ہے، ورنہ ورلڈ کپ میں شمولیت کا کیا فائدہ۔ اگر آپ دوسری ٹیموں کے کوچز سے بھی یہ سوال پوچھیں گے تو وہ یہیں جواب دیں گے۔‘

انگلینڈ کی ٹیم کا ورلڈ کپ کے ابتدائی راؤنڈ میں اٹلی، یوروگوائے اور کوسٹا ریکا سے مقابلہ ہوگا، جہاں سے دو ٹیمیں اگلے راؤنڈ کے لیے کوالیفائی کریں گی۔

انگلینڈ کی ٹیم چودہ جون کو اپنا پہلا میچ اٹلی کے خلاف کھیلے گی۔ اس کے بعد وہ یوروگوائے اور کوسٹا ریکا سے کھیلے گی۔

اسی بارے میں