فلنٹوف کی کرکٹ میں واپسی کے روشن امکانات

تصویر کے کاپی رائٹ
Image caption فلنٹوف 2005 اور 2009 میں ایشز سیریز جیتنے والی انگلش کرکٹ ٹیم کے رکن بھی رہے

انگلش کاؤنٹی لنکاشائر نے تصدیق کی ہے کہ وہ انگلش کرکٹر اینڈریو فلنٹوف سے ٹی ٹوئنٹی مقابلوں میں نمائندگی کے لیے رابطے میں ہے۔

انگلینڈ کی قومی کرکٹ ٹیم کے سابق آل راؤنڈر 36 سالہ فلنٹوف نے سنہ 2009 سے پیشہ ورانہ کرکٹ نہیں کھیلی اور حال ہی میں وہ لنکاشائر کے تربیتی میدان میں دکھائی دیے تھے۔

اطلاعات کے مطابق فلنٹوف ٹی ٹوئنٹی بلاسٹ ٹورنامنٹ میں شرکت کے علاوہ ٹیم کے لیے کوچنگ کی ذمہ داریاں بھی نبھائیں گے۔

لنکاشائر کے ترجمان نے بی بی سی کو بتایا کہ ’ہم کلب میں فلنٹوف کے ممکنہ کردار کے بارے میں ان سے رابطے میں ہیں۔‘

اینڈریو فلنٹوف نے کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لینے کے بعد باکسنگ بھی کی اور اپنے کریئر کے واحد مقابلے میں رچرڈ ڈاسن کے خلاف پوائنٹس پر فتح یاب ہوئے۔

تصویر کے کاپی رائٹ GETTY IMAGES
Image caption فلنٹوف نے کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لینے کے بعد باکسنگ بھی کی

انھوں نے 1998 سے 2009 کے دوران 11 برس پر محیط کرکٹ کرئیر میں انگلینڈ کے لیے 79 ٹیسٹ، 114 ون ڈے اور سات ٹی ٹوئنٹی میچ کھیلے۔

وہ 2005 اور 2009 میں ایشز سیریز جیتنے والی انگلش کرکٹ ٹیم کے رکن بھی رہے تاہم جب انھیں 07_2006 میں کپتان بنایا گیا تو انھیں ایشز میں آسٹریلیا کے ہاتھوں پانچ صفر کی شکست کی ہزیمت اٹھانا پڑی۔

فلنٹوف نے مختلف چوٹوں کی وجہ سے چار برس قبل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لے لی تھی لیکن اب انگلینڈ کی مقامی کرکٹ میں ان کی واپسی کے لیے شائقین کو زیادہ انتظار نہیں کرنا پڑے گا۔

اسی بارے میں