آئی پی ایل میں پنجاب اور کولکاتہ کی فتح

تصویر کے کاپی رائٹ PTI
Image caption گلین میکسویل نے دو چوکے اور پانچ چھکوں کی مدد سے 22 بالز پر 43 رن سکور کیے( فائل فوٹو)

انڈین پریمیئر لیگ کے ساتویں سیزن میں بدھ کو کھیلےگئے دو میچوں میں کنگز الیون پنجاب نے سن رائزر حیدرآباد کو اور کولکاتہ نائٹ رائڈرز نے ممبئي انڈینز کو شکست دے دی۔

پہلے میچ میں کنگز الیون پنجاب نے سن رائزر حیدر آباد کو چھ وکٹوں سے ہرایا اور دوسرے میں کولکاتہ نائٹ رائڈرز نے ممبئی انڈینز کے خلاف چھ وکٹ سے فتح حاصل کی۔

پنجاب کو جیتنے کے لیے 206 رنز کا بڑا ہدف ملا تھا جو اس نے اپنی اچھی بیٹنگ کے بدولت چار وکٹ کے نقصان پر 19ویں اوور میں ہی حاصل کر لیا۔

کنگز الیون پنجاب کی طرف سے مانو ووہرا نے 20 بالز پر 47 رن، وردھمان ساہا نے 26 بالز پر 54 رن اور گلین میکسویل نے دو چوکے اور پانچ چھکوں کی مدد سے 22 بالز پر 43 رن سکور کیے۔

کپتان جارج بیئلی نے بھی آخر میں اچھی بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور محض 19 گيندوں پر 35 رن بنا کر ٹیم کو جیت سے ہمکنار کیا۔ وہ آخر تک آؤٹ نہیں ہوئے۔

پنجاب کی طرف سے سبھی بلے بازوں نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کیا لیکن وردھمان ساہا کو ان کی نصف سنچری کے لیے مین آف دی میچ کے اعزاز سے نوازا گيا۔

حیدر آباد میں کھیلے گئے اس میچ میں کنگز الیون پنجاب نے ٹاس جیت کو پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا اور حیدرآباد کی ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوور میں پانچ وکٹ کے نقصان پر 205 رن سکور کیے۔

سن رائزر حیدرآباد کے کپتان شکھر دھون نے 37 گيندوں پر 45 رن، ڈیوڈ وارنر نے 23 پر 44 رن اور نمن اوجھا نے سات چھکّوں اور چار چوکوں کی مدد سے 36 بالز پر 79 رن سکور کیا۔ وہ آخر تک آؤٹ نہیں ہوئے۔

حیدرآباد کی طرف سےگيند باز رشی دھون نے 42 رنوں کے عوض دو کھلاڑيوں کو آؤٹ کیا لیکن ٹیم کو ہار سے نہ بچا سکے۔

دوسرے میچ میں کولکاتہ نائٹ رائڈڑز کو جیتنے کے لیے 142 رنوں کا ہدف ملا تھا جو اس نے چار وکٹ کے نقصان پر 19ویں کی چوتھی بال پر ہی حاصل کر لیا۔

کولکاتہ کی جیت میں وکٹ کیپر بلے باز رابن اتھپّا نے نو چوکوں اور تین چھکّوں کی مدد سے 52 بالز پر 80 رن بنا کر اہم کردار ادا کیا۔

یوسف پٹھان نے آخر میں 13 بالز پر 20 رن سکور کر کے جیت دلائی۔ اتھپّا کی شاندار اننگز کے لیے انھیں مین آف دی میچ کے اعزاز سے نوازا گیا۔

ممبئی کی طرف سے ہربھجن سنگھ نے 22 رن کے عوض دو وکٹیں حاصل کیں جبکہ کولکاتہ کی طرف سے مورنی مورکل نے 35 رن کے عوض دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

کٹک میں کھیلے گئے اس میچ میں کولکاتہ نائٹ رائڈرز نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کی اور ممبئی انڈینز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوور میں پانچ وکٹ کے نقصان پر 141 رن سکور کیے۔

ممبئی کے کپتان روہت شرما 45 بالز پر 51 رن اور امباتی رائیدو 27 گيندوں پر 33 رن بنا کر نمایاں بلے باز رہے۔