آئي پی ایل: بنگلور اور کولکتہ کی جیت

تصویر کے کاپی رائٹ PTI
Image caption کولکتہ نائٹ رائڈرز نے سن رائزر حیدرآباد کو شکست دی۔

انڈین پریمیئر لیگ کے ساتویں سیزن میں اتوار کو کھیلے گئے میچز میں رائل چيلنجرز بنگلور نے چینیئی سپر کنگز کو اور کولکتہ نائٹ رائڈرز نے سن رائزر حیدرآباد کو شکست دی۔

پہلے میچ میں رائل چيلنجرز بنگلور نے چینیئی سپر کنگز کو پانچ وکٹوں سے ہرایا اور دوسرے میں کولکتہ نائٹ رائڈرز نے سن رائزر حیدرآباد کے خلاف سات وکٹوں سے کامیابی حاصل کی۔

رائل چيلنجرز بنگلور کو جیتنے کے لیے 140 رن درکار تھے جو اس نے آخری اوور میں پانچ وکٹ کے نقصان پر حاصل کر لیے۔

بنگلور کی طرف سے اوپنر کرس گیل نے 50 بالز پر 46 رن، کپتان وراٹ کوہلی نے 29 گیندوں پر 27 رن اور اے بی ڈی ویلیئرز نے 14 بالز 28 رن سکور کیے۔

میچ کے نازک موقع پر جس طرح ڈی ویلیئرز نے شاندار بیٹنگ کی اور میچ کا رخ موڑ دیا، اس کے لیے انھیں مین آف دی میچ کے اعزاز سے نوازا گيا۔

رانچی میں کھیلے گئے اس میچ میں چینیئی سپرکنگز کے کپتان مہندر سنگھ دھونی نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ بیس اوور میں 139 رن سکور کیے۔

سلو پچ پر سریش رائنا 48 گیندوں پر 62 رن اور ڈوپلسس نے 29 گیندوں 25 رن سکور کرکے نمایاں رہے۔

دوسرے میچ میں کولکتہ کو جیتنے کے لیے 143 رنوں کا ہدف ملا تھا جو اس نے تین وکٹ کے نقصان پر آخری اوور کی چوتھی بال پر حاصل کر لیا۔

کولکتہ نائٹ رائڈرز کے کپتان گوتم گمبھیر کی وکٹ تو جلدی ہی گر گئی تھی لیکن اوپنر رابن اتھپّا نے اچھی بلے بازی کی اور 33 گیندوں پر 40 رن سکور کیے۔ منیش پانڈے نے 33 بالز پر 35 رن سکور کیے۔

یوسف پٹھان نے 28 بالز پر 39 رن اور رائن ٹین ڈیسیوچیٹ نے 15 بالز پر 25 رن سکور کیے اور یہ دونوں کھلاڑی آخر تک آؤٹ نہیں ہوئے۔

حیدرآباد میں کھیلے گئے اس میچ میں سن رائزر حیدرآباد نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں آٹھ وکٹوں کے نقصان پر 142 رن سکور کیے تھے۔

حیدرآباد کے کپتان شکھر دھون 14 بالز پر 19 رن، نمن اوجھا 24 پر 22 رن، ڈیوڈ وارنر 18 بالوں پر 34 رن اور عرفان پٹھان 19گيندوں پر 23 رن بنا کر نمایاں بلے باز رہے۔

کولکتہ نائٹ رائڈرز کی طرف سے بولر اومیش یادو نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 26 رنز کے عوض تین اہم وکٹیں حاصل کیں۔ انہیں مین آف دی میچ کے اعزاز سے نوازہ گيا۔

شکیب الحسن نے بھی حیدرآباد کے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

اسی بارے میں