آئی پی ایل، ممبئی اور پنجاب ٹیموں کی فتح

تصویر کے کاپی رائٹ PTI
Image caption کنگز الیون پنجاب کے اے پٹیل اور آر دھون نے اپنی ٹیم کی کامیاب میں اہم کردار ادا کیا

انڈین پریمیئر لیگ کے ساتویں سیزن میں پیر کو کھیلے گئے میچیز میں ممبئی انڈینز نے راجستھان رائلز کو شکست دی اور کنگز الیون پنجاب نے دہلی ڈیئر ڈیولز کو ہرا دیا۔

پہلے میچ میں ممبئی انڈینز نے راجستھان رائلز کو پچیس رن سے شکست دی جبکہ دوسرے میں کنگز الیون پنجاب نے دہلی ڈیئر ڈیولز کے خلاف چار وکٹ سے جیت حاصل کی۔

راجستھان رائلز کو جیتنے کے لیے 179 رنز کا ہدف ملا تھا لیکن اس کی ٹیم مقررہ بیس اوور میں آٹھ وکٹ کے نقصان پر 153 رن ہی بنا سکی۔

راجستھان کی طرف سے کرن نائر نے 24 گیندوں پر 48 رن، براڈ ہاگ نے 30 پر 40 رن اور جیمز فاکنر نے 21 بالز پر 31 رن سکور کیے۔

راجستھان کے بلے بازوں کے درمیان اچھی شراکت کی کمی رہی اس لیے انھیں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

اس سے قبل احمدآباد میں کھیلے گئے اس میچ میں ممبئی انڈینز نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ بیس اوور میں تین وکٹ کے نقصان 178 رن سکور کیے۔

ممبئي انڈینز کے بلے باز لینڈل سائمن نے 51 گیندوں پر 62 رن، مائیکل ہسّی نے 39 گيندوں پر 56 رن اور کپتان روہت شرما نے 19 گیندوں پر 40 رن سکور کیے اور نمایاں رہے۔

تصویر کے کاپی رائٹ BBC World Service

مائیکل ہسّی کی اچھی اننگ کی بدولت انھیں مین آف دی میچ کے اعزاز سے نوازا گیا۔ ممبئی کی طرف سے ہربھجن سنگھ نے 13 رن کے عوض دو اہم وکٹیں حاصل کیں۔

دوسرا میچ دلی میں ہوا جس میں کنگز الیون پنجاب کو جیتنے کے لیے دلی نے 165 رنز کا ہدف دیا تھا۔ پنجاب کی ٹیم نے اس ہدف کو چھ وکٹ کے نقصان پر آخری اوور کی چوتھی بال پر حاصل کر لیا۔

پنجاب کی طرف سے بلے باز وریندر سہواگ نے 22 گیندوں پر 23 رن، مانو ووہرا نے 19 گیندوں پر 42 رن اور آکاش پٹیل نے 35 پر 42 رن سکور کیے۔

آکاش پٹیل نے اہم موقع پر ٹیم کو سنبھالا دیا اور ٹیم کو جیت سے ہمکنار کیا اس لیے انھیں میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

اس سے قبل پنجاب کی ٹیم نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا اور دہلی ڈیئر ڈیولز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ بیس اوور میں سات وکٹ کے نقصان پر 164 رن سکور کیے۔

دلی کے کپتان کیون پیٹرسن نے 32 بالز پر 49 رن بنائے اور وکٹ کیپر دنیش کارتک نے 44 گیندوں پر شاندار 69 رن سکور کیے۔

پنجاب کی ٹیم نے اس جیت کے ساتھ ہی ناک آؤٹ کے مرحلے یعنی سیمی فائنل میں پہنچ گئی ہے۔

اسی بارے میں