عارف عباسی پی سی بی کے چیف کنسلٹنٹ مقرر

تصویر کے کاپی رائٹ Arif Abbasi
Image caption عارف عباسی ماضی میں بھی پی سی بی کے لیے خدمات انجام دیتے رہے ہیں

عارف علی خان عباسی پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف کنسلٹنٹ مقرر کردیے گئے ہیں۔

عارف علی خان عباسی کا شمار بین الاقوامی کرکٹ کے انتہائی تجربہ کار ایڈمنسٹریٹرز میں ہوتا ہے۔

وہ اس سے قبل بھی پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹیو کے علاوہ دیگر ذمہ داریاں نبھاچکے ہیں۔

وہ پی آئی اے کے منیجنگ ڈائریکٹر بھی رہ چکے ہیں۔

عارف عباسی نے منگل کے روز پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیرمین ذکا اشرف سے ملاقات کی جو اسلام آباد ہائی کورٹ کے حکم کے تحت ہفتے کے روز اپنے عہدے پر بحال ہوئے ہیں۔

غور طلب بات یہ ہے کہ عارف عباسی سترہ سال بعد ایک ایسے وقت میں پاکستان کرکٹ بورڈ میں دوبارہ داخل ہوئے ہیں جب یہ ادارہ زبردست بے یقینی کا شکار ہے۔

اگرچہ ذکا اشرف کو اسلام آباد ہائی کورٹ نے بحال کردیا ہے لیکن حکومت نے اس فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ میں اپیل دائر کردی ہے جس کی سماعت بدھ کے روز ہوگی اور اگر فیصلہ حکومت کے حق میں ہوا تو ذکا اشرف کو ایک بار پھر چیئرمین کا عہدہ چھوڑنا پڑے گا۔

عارف عباسی نے پی سی بی ہیڈکوارٹر میں ذکا اشرف سے ملاقات کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے پاکستان کرکٹ بورڈ کی موجودہ صورتحال پر افسوس ظاہر کیا اور کہا کہ قانونی طور پر منتخب چیئرمین کو بار بار عدالت میں لے جانا درست نہیں ہے۔

عارف عباسی نے کہا کہ ان کی کوشش ہوگی کہ ان کاتجربہ پاکستانی کرکٹ کی بہتری کے لیے کام میں آئے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیرمین ذکا اشرف نے توقع ظاہر کی کہ پاکستان کرکٹ بورڈ اہم معاملات پر عارف عباسی کے تجربے سے فائدہ اٹھائے گا۔

اسی بارے میں