آئی پی ایل، حیدرآباد اور کولکاتہ کی فتح

تصویر کے کاپی رائٹ PTI

انڈین پریمیئر لیگ کے حالیہ سیزن میں منگل کو کھیلے گئے میچز میں سن رائزر حیدرآباد نے رائل چیلنجرز بنگلور کو اور کولکاتہ نائٹ رائڈرز نے چینئی سپر کنگز کو شکست دیدی۔

پہلے میچ میں سن رائزر حیدرآباد نے رائل چیلنجرز بنگلور کو سات وکٹوں سے ہرایا اور دوسرے میں کولکاتہ نے چینئی سپرگنگز کے خلاف آٹھ وکٹوں سے فتح حاصل کی۔

سن رائزر حیدرآباد کو جیتنے کے لیے 161 رنوں کا ہدف ملا تھا جو اس نے تین وکٹ کے نقصان پر آخری اوور میں آسانی سے حاصل کر لیا۔

اس جیت میں بلے باز ڈیوڈ وارنر نے اہم رول ادا کیا جنہوں نے تین چوکے اور چار چھکّوں کی مدد سے 46 بالز پر 69 رن سکور کیے۔ انھیں میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گيا۔

شیکھر دھون سات چوکے اور ایک چھکّے کی مدد سے 39 بالز پر 50 رن اور نمن اوجھا 20 گیندوں پر 24 رن بنا کر نمایاں بلے باز رہے۔ ورن آرون نے چھتیس رن دیکر دو وکٹیں حاصل کیں۔

حیدرآباد میں کھیلے گئے اس میچ میں رائل چيلنجرز بنگلور نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ بیس اوور میں چھ وکٹ کے نقصان 160 رن سکور کیے تھے۔

بنگلور کی طرف سے کپتان وارٹ کوہلی نے 41 گیندوں پر67 رن، یواراج سنگھ نے 25 پر 21 رن اور اے بی ڈی ویلیئرز نے 17 بالز پر 29 رن سکور کیے۔ حیدرآباد کے گيند باز بھونیشور کمار نے 27 رن کے عوض دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

دوسرا میچ کولکاتہ میں کھیلا گیا جس میں چينئی سپر کنگز نے کولکاتہ نائٹ رائڈرز کو جیتنے کے لیے 155 رنز کا ہدف دیا تھا۔

کولکاتہ کی ٹیم نے اس ہدف کو صرف دو وکٹوں کے نقصان پر اٹھارہ اوور میں ہی حاصل کر لیا۔ اس کا آغاز اچھا تھا۔ اوپنرگوتم گمبھیر اور رابن اتھپّا کے درمیاں ساٹھ رن سے زیادہ کی شراکت ہوئی۔

اتھپّا نے دس چوکے اور اور ایک چھکّے کی مدد سے 39 بالز پر 67 رن سکور کیے اور انھیں مین آف دی میچ کے اعزاز سے نوازا گیا۔

گوتم گمبھیر نے، 20 گیندوں پر 21 رن جبکہ شکیب الحسن نے آخر میں جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 21 بالز پر 46 رن سکور کیے۔

کولکاتہ نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا اور چينئی سپر کنگز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ بیس اووروں میں چار وکٹ کے نقصان پر 154 رن سکور کیے۔

سریش رائینا نے ایک بار پھر اچھی بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے نصف سنچری بنائی۔ انھوں نے تین چوکوں اور پانچ چھکّوں کی مدد سے 52 بالز پر 65 رن بنائے۔

بریڈن میکّلم نے 24 گیندوں پر 28 رن، ڈوپلیسس نے 20 پر 23 اور کپتان مہندر سنگھ دھونی نے 15 بالز پر 21 رن بنائے۔

اسی بارے میں