آئی پی ایل، سیئمنز کی سنچری اور ممبئی کی جیت

تصویر کے کاپی رائٹ PTI
Image caption یہ میچ موہالی میں کھیلا گیا

انڈین پریمیئر لیگ میں بدھ کو کھیلے گئے ایک میچ میں ممبئی کے بلے باز لینڈل سیئمنز نے آئی پی ایل کے ساتویں سیزن کی پہلی سنچری سکور کی اور اپنی ٹیم کو فتح سے ہمکنار کیا۔

کنگز الیون پنجاب کی ٹیم نے ممبئی انڈ ینز کو جیتنے کے لیے 157 رنوں کا ہدف دیا تھا جو اس نے تین وکٹ کے نقصان پر انیس اوور میں آسانی سے حاصل کر لیا۔

ممبئی کے اوپنر لینڈل سیئمنز نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے چودہ چوکے اور دو چھکوں کی مدد سے 61 بالز پر 100 رن سکور کیے۔

آئی پی ایل کے ساتویں سیزن میں کسی بھی کھلاڑی کی جانب سے یہ پہلی سنچری ہے انھیں میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

ممبئی کے کپتان روہت شرما نے 20 گیندو پر 18 رن اور امباتی رائیدو 14 بالز پر سترہ رن سکور کیے۔

موہالی کے گرؤنڈ پر کھیلے گئے اس میچ میں ممبئی نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا اور کنگز الیون پنجاب نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ بیس اوور میں آٹھ وکٹ کے نقصان پر 156 رن سکور کیے۔

پنجاب کی طرف سے وریندر سہواگ نے 11 بالز پر 17، مانو ووہرا نے 34 پر 36، شان مارش نے 17 گيندو پر 30 اور کپتان جارج بیئلی نے 30 بالز پر 39 رن سکور کیے۔

ممبئی کے گيند باز جسپریت ممبرا نے 31 رنوں کے عوض دو وکٹیں اور شریاس گوپال نے 32 رن دیکر دو وکٹیں حاصل کیں۔

کنگز الیون پنجاب کی ٹیم نے اب تک مجموعی طور پر بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے اور اس شکست کے باوجود پنجاب کی ٹیم پوائنٹس کے حساب سے اب بھی اوّل نمبر پر ہے۔

اس نے بارہ میچ کھیلے ہیں اور آٹھ میں کامیابی حاصل کی ہے۔