’لوئس سواریز ورلڈ کپ میں کھیلیں گے‘

تصویر کے کاپی رائٹ Reuters

یوراگوائے کی فٹ بال ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ لوئس سواریز گھٹنے کا آپریشن ہونے کے باوجود آئندہ ماہ سے شروع ہونے والے عالمی فٹ بال کپ میں حصہ لیں گے۔

برطانوی کلب لیورپول کی طرف سے کھیلنے والے یوراگوائے کے عالمی شہرت یافتہ کھلاڑی لوئس سواریز کو بدھ کو تربیت کے دوران گھٹنے میں شدید تکلیف شروع ہو گئی تھی جس کے بعد ان کا آپریشن کرنا پڑا۔

یوراگوائے فٹ بال ایسوسی ایشن نے ایک بیان میں اس امید کا اظہار کیا ہے کہ سواریز فٹ بال ورلڈ کپ سے پہلے مکمل طور پر صحتیاب ہو جائیں گے۔

اندازوں کے مطابق سواریز کو مکمل طور کھیلنے کے قبل ہونے کے لیے پندرہ دن سے چار ہفتے لگ سکتے ہیں اور یوراگوائے گروپ ڈی میں ہے جس کا پہلا میچ چودہ جون کو ہے۔

اس کے بعد یوراگوائے کا دوسرا میچ انیس جون کو انگلینڈ کے خلاف ساؤ پالو میں ہے۔

یوراگوائے فٹ بال ایسوسی ایشن کی طرف سے جاری ہونے والے بیان میں مزید کہا گیا کہ سواریز کے گھٹنے میں اور کوئی تکلیف نہیں ہے۔

یوراگوائے کی فٹ بال ایسوسی ایشن کے صدر ولمر ولدیز نے کہا ہے کہ اگر کوئی اور پیچیدگی پیدا نہیں ہوتی تو سواریز دو ہفتے کے بعد ہی تربیت شروع کر سکتے ہیں۔

یوراگوائے کے ایک اخبار سے بات کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ آپریشن کامیاب ہوا ہے اور کوئی تشویش کی بات نہیں ہے۔ انھوں نے کہا کہ: ’ہمیں انتظار کرنا ہو گا۔‘

انھوں نے کہا کہ سواریز کی فٹنس کو خیال میں رکھتے ہوئے یہ کہا جا سکتا ہے اگر ان کے زخم بھر جاتے ہیں تو انھیں دوبارہ بھرپور اندازے میں کھیلنے میں زیادہ وقت نہیں لگے گا۔

سواریز اپنے آپریشن کے بارے میں زیادہ پر امید نظر آئے اور انھوں نے ایک ویب سائٹس سے بات کرتے ہوئے انھوں نے اپنے مداحوں کا شکریہ ادا کیا۔

انھوں نے کہا کہ تشویش کی کوئی بات نہیں ہے اور وہ ایک مرتبہ پھر سو فیصد فٹ ہو کر جلد ٹیم میں واپس آییں گے۔

سواریز نے پریمیئر لیگ کے سیزین کے اختتام پر 31 گول کر کے سرفہرست رہے اور ان کے گول کرنے کی صلاحیت کی وجہ سے لیورپول کی ٹیم سننہ 2012 -2013 میں ساتویں پوزیشن سے اس سال دوسری پوزیشن پر آ گئی۔

اس سال انھوں نے پروفیشنل فٹ بالر ایسوسی ایشن اور فٹ بال رائٹر ایسوسی ایشن کے پلیئر آف دی ایئر کے ایوارڈ حاصل کیے۔

ماہرین کا خیال ہے کہ اگر سواریز مکمل طور پر فٹ نہ ہوئے تو یہ یوراگوائے ٹیم کا بڑا نقصان ہو گا اور عالمی کپ میں ان کے جیتنے کے امکانات بہت کم ہو جائیں گے۔

جنوبی امریکہ کے ملکوں کے ورلڈ کپ کے کوالیفائنگ راونڈز میں سواریز یوراگوائے کی طرف سے گیارہ گول کر کے سرفہرست رہے تھے جبکہ ان کی کارکردگی کی بدولت نو ٹیموں میں سے یوراگوائے پانچویں نمبر پر رہی تھی۔

اسی بارے میں