آئی پی ایل میں یوسف پٹھان کا نیا ریکارڈ

تصویر کے کاپی رائٹ pti
Image caption یوسف پٹھان نے سات چھکّے اور پانچ چوکوں کی مدد سے 72 رنز بنائے

انڈین پریمیئر لیگ کے ساتویں سیزن میں سنیچر کو کھیلے گئے میچز میں چینئی سپر کنگز نے رائل چيلنجرز بنگلور کو آٹھ وکٹوں جب کہ کولکاتہ نائٹ رائڈرز نے سن رائزر حیدرآباد کو چار وکٹوں سے شکست دے دی۔

پہلے میچ میں رائل چیلنجرز بنگلور نے چینئی سپر کنگز کو جیتنے کے لیے 155 رنز کا ہدف دیا تھا جو اس نے 18ویں اوور کی چوتھی گیند پر دو وکٹ کے نقصان پر ہی حاصل کر لیا۔

چینئی کے اوپنر ڈائن سمتھ نے چار چوکے اور ایک چھکّے کی مدد سے 17 گیندوں پر 34 جب کہ ڈوپلیسس نے 43 گیندوں پر 54 رنز سکور کیے۔

لیکن جیت میں اہم کردار کپتان مہندر سنگھ دھونی نے ادا کیا جنھوں نے چار چوکے اور تین چھکّوں کی مدد سے 28 گیندوں پر 49 رن بنائے اور آؤٹ نہیں ہوئے۔ انھیں میچ کا بہترین کھلاڑی قراد دیا گیا۔

اس سے قبل بنگلور میں کھیلے گئے اس میچ میں چينئی نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا اور رائل چيلنجرز بنگلور نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوور میں 154 رنز بنائے۔

بنگلور کے کپتان وراٹ کوہلی نے چار چوکے اور اور پانچ چھکّوں کی مدد سے 73، یوراج سنگھ نے 25 اور یوگیش ٹکاؤلے نے19 رنز سکور کیے۔

چينئي کی طرف سے آشیش نہرا نے 33 رنز کے عوض تین وکٹیں حاصل کیں۔

دوسرا میچ کولکاتہ کے ایڈن گارڈن گراؤنڈ پر ہوا جس میں کولکاتہ نائٹ رائڈرز کو جیتنے کے لیے 161 رنز کا ہدف ملا جو یوسف پٹھان کی جارجانہ بلے بازی کی بدولت کولکاتہ نے چھ وکٹ کے نقصان پر14.2 اوور میں ہی حاصل کر لیا۔

تصویر کے کاپی رائٹ PTI
Image caption ڈائن سمتھ نے 54 رنز سکور کیے

یوسف پٹھان نے سات چھکّے اور پانچ چوکوں کی مدد سے 22 گیندوں پر 72 رنز سکور کیے اور انھیں اس کے لیے مین آف دی میچ کا اعزاز ملا۔

یوسف نے آئی پی ایل میں نصف سنچری کا بھی ایک نیا ریکارڈ بنایا۔ انھوں نے اپنی نصف سنچری 15 گیندوں میں مکمل کی جب کہ اس سے پہلے 17 گیندوں میں نصف سنچری بنانے کا ریکارڈ ایڈم گلکرسٹ کے نام تھا۔

اوپنر رابن اتھّپا نے بھی ایک بار پھر شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور 41 رن بنائے جب کہ کپتان گوتم گمبھیر نے 28 رنز سکور کیے۔

حیدرآباد کی طرف سے بولر کرن شرما نے 38 رنز دیکر چار کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

کولکاتہ نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تھا اور سن رائزر حیدرآباد نے پہلے بیٹگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوور میں سات وکٹ کے نقصان پر 160 رنز سکور کیے۔

حیدرآباد کی طرف سے شکھر دھون نے 29 ، نمن اوجھا نے 26 جب کہ کپتان ڈرین سیمی نے 29 رنز بنائے۔

کولکاتہ ٹیم کی یہ مستقل ساتویں جیت ہے اور اس کے ساتھ ہی پوائٹنس ٹیبل وہ دوسرے نمبر پر پہنچ گئی ہے اور اس طرح ناک آؤٹ سٹیج پر اسے ایک اضافی موقع ملے گا یعنی اگر پہلے میچ میں وہ فائنل کے لیے کوالیفائی نہیں کر پاتی ہے تو اسے دوسرا موقع بھی فراہم کیا جائے گا۔

اسی بارے میں